یورپ سے وفاداری یا صدر ٹرمپ کی حمایت، اطالوی وزیراعظم تذبذب کا شکار

اردو نیوز  |  Mar 22, 2025

اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے مصالحت کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں تاہم اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اتحادیوں کے ساتھ بدلتے ہوئے تعلقات کی وجہ سے وہ مشکلات کا شکار ہو گئی ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جارجیا میلونی امریکہ کے ساتھ خلیج کو کم کرنے اور اٹلی کے یورپی یونین کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کے لیے مصالحت کی کوشش کر رہی ہیں۔

جارجیا میلونی یورپی یونین کی واحد رہنما ہیں جنہوں نے جنوری میں صدر ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی اور اُن پر کسی بھی قسم کی تنقید سے گریز کیا۔

اگرچہ صدر ٹرمپ نے یورپ پر محصولات عائد کیے اور روس کے ساتھ جنگ ​​میں یوکرین کو تنہا چھوڑ دینے کی دھمکی دی تھی تاہم اطالوی وزیراعظم نے اُن کی مخالفت میں کوئی بیان نہیں دیا۔

صدر ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہونے والی تبدیلیوں کے لیے کیا حکمتِ عملی اپنائی جائے، یہ جاننے کے لیے انہوں نے یورپی شراکت داروں کے ساتھ ہنگامی مذاکرات میں حصہ لیا۔

جارجیا میلونی جو 2023 سے اقتدار میں ہیں، نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے زیر اثر ہیں۔

انہوں نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ ’میں آنکھیں بند کر کے یورپ یا امریکہ کی پیروی نہیں کرتی۔ میں یورپ میں ہوں کیونکہ اٹلی یورپ میں ہے۔ اس لیے ایسا نہیں ہے کہ ہم کہیں اور جانے کا سوچ رہے ہیں، لیکن میں یہ بھی چاہتی ہوں کہ مغرب ہم آہنگ ہو۔‘

جارجیا میلونی نےامریکہ اور اس کے اتحادیوں کے درمیان ’فوری سربراہی اجلاس‘ کا مطالبہ کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)جب سے جارجیا میلونی نے 2012 میں اپنے ’برادرز آف اٹلی‘ گروپ کی بنیاد رکھی تھی، انہوں نے اپنی خارجہ پالیسی میں امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات کو بہت اہمیت دی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے جب سے اپنے پُرانے اتحادیوں کا بازو مروڑ کر اپنی طاقت دکھانے کی کوشش کی ہے تب دے یورپی ممالک اپنے دفاع، اور جغرافیائی آپشنز پر نظرثانی کر رہے ہیں۔ 

اس صورتحال نے جارجیا میلونی کی یورپ اور وائٹ ہاؤس کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کرنے کی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ یورپ کی دو جوہری طاقتیں فرانس اور برطانیہ صدر ٹرمپ کو جواب دینے میں پیش پیش ہیں جبکہ جرمنی اپنی فوج کو بڑھانے کے لیے بھاری اخراجات کے منصوبے کے ساتھ سرخیوں میں ہے۔

روم کی لوئس یونیورسٹی میں سیاست کے پروفیسر جیوانی اورسینا نے کہا کہ ’ابھی، جارجیا میلونی کو صدر ٹرمپ کے ساتھ ثالثی کا کردار ادا کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔‘

گذشتہ ماہ صدر ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی پر تنقید کے بعد جارجیا میلونی نےامریکہ اور اس کے اتحادیوں کے درمیان ’فوری سربراہی اجلاس‘ کا مطالبہ کیا تھا تاہم، واشنگٹن نے ان کی اپیل کو نظر انداز کر دیا۔

جارجیا میلونی کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ اطالوی رہنما صدر ٹرمپ کے ساتھ مارچ کے آخر یا اپریل کے شروع میں ملاقات کی خواہاں ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More