بجلی کی قیمتوں میں کمی کے جامع پیکج کا جلد اعلان کیا جائے گا: وزیر اعظم

سچ ٹی وی  |  Mar 23, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شمسی توانائی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جب کہ بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے۔ سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پاور ڈویژن کے امور پر اہم جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی جب کہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وزیراعظم کے مشیر محمد علی نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے کے حوالے جامع حکمت عملی کے لیے وزیراعظم کی پاور ڈویژن، آبی وسائل ڈویژن اور پیٹرولیم ڈویژن میں ہم آہنگی مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سولرآئزیشن پالیسی کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے تمام ابہام کو حقائق اور اعدادوشمار کی بنیاد پر دور کرنے کی ہدایت کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ شمسی توانائی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جینریشن کمپنیوں کی نجکاری کے حوالے سے تمام تر قانونی اور دیگر امور جلد از جلد طے کئے جائیں۔

وزیراعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز تر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے، پاور سیکٹر میں اصلاحات کی بدولت عوام کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف فراہم کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More