تین جامعات کے وائس چانسلرز کے ہمراہ گورنربلوچستان کا دورہ روس

سچ ٹی وی  |  Apr 16, 2025

گورنر بلوچستان شیخ جعفرمندوخیل پانچ روزہ دورے پر روس پہنچ گے، روس کے دوسرے بڑے شہر سینٹ پیٹرز برگ پہنچنے پر ان کا استقبال مقامی حکام نے کیا۔

شیخ جعفرمندوخیل کےساتھ بلوچستان کی تین جامعات کے وائس چانسلرز بھی سینٹ پیٹرزبرگ پہنچے ہیں جن میں لورالائی یونیورسٹی، لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگری کلچر اور یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلرز شامل ہیں۔

گورنربلوچستان کی سربراہی میں یہ وفد سینٹ پیٹرزبرگ میں روسی حکام سے سترہ اور اٹھارہ اپریل کو ملاقاتیں کرے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد کے دورہ روس کا مقصد تعلیم اور سائنس کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

کراچی میں روسی قونصل جنرل آندرے فیدروف نے کہا کہ ہم تعلیمی شعبے میں پاکستانی شراکت داروں کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہیں، سب سے قیمتی چیز انسانی اثاثہ ہے، اس میں سرمایہ کاری بڑھائی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے، ان کی توانائیاں بے بہا ہیں، ہماری عوام کیلئے یہ انتہائی اہم ہے کہ نوجوانوں کی ان توانائیوں سے مستفید ہوں۔

قونصل جنرل نے کہا کہ روسی جامعات میں اس وقت پچاس پاکستانی طلبہ کیلئے مفت تعلیم کا کوٹہ مختص ہے تاہم اس کوٹے میں اضافہ کیے جانے پر غور جاری ہے جس میں جلد پیشرفت متوقع ہے۔

گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل صوبے کی تین جامعات کے وائس چانسلرز کے ساتھ روس کا یہ دورہ ایسے وقت کررہے ہیں جب فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کرنیوالے طالب علموں پر امریکا کی جامعات میں کارروائیاں کی جارہی ہیں اور بعض کا ویزا منسوخ کر کے انہیں ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More