سلمان خان کو دھمکی، ملزم انسٹاگرام پر اپنے فالوؤرز بڑھانا چاہتا تھا: پولیس

اردو نیوز  |  Apr 16, 2025

بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان کو جان سے مارنے کی تازہ دھمکی کی تحقیقات نیا رُخ اختیار کر گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فالوؤرز کی تعداد بڑھانے کے لیے سُپر سٹار کو دھمکی دی۔ 

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن پر واٹس ایپ پیغام میں دھمکی بھیجے جانے کے چند گھنٹے بعد پولیس نے پیر کو میانک پانڈیا نامی ایک شخص کو گرفتار کیا تھا۔

تحقیقات کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا ہے کہ اُس نے اپنی سوشل میڈیا فالوؤنگ کو بڑھانے کے لیے ایسا کیا۔

25 سالہ میانک پانڈیا نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے انسٹاگرام کی فالوؤنگ کو بڑھانا چاہتے تھے اور اسی لیے لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دی گئی جان سے مارنے کی دھمکیوں کی نقل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گجرات کے وڈودرا سے تعلق رکھنے والے میانک پانڈیا کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں اس لیے اُنہیں چھوڑ دیا گیا ہے۔

پیر کو دھمکی آمیز پیغام ممبئی ٹرانپسورٹ ڈیپارٹمنٹ کے واٹس ایپ نمبر پر بھجوایا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ ’گلیکسی اپارٹمنٹس میں واقع ان (سلمان خان) کے گھر میں گھس کر انہیں قتل کیا جائے گا اور ان کی گاڑی کو بم سے اُڑایا جائے گا۔‘

سلمان خان کو اس سے قبل بھی بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکیاں مل چکی ہیں، جبکہ پچھلے سال باندرہ میں ان کے گھر پر فائرنگ بھی کی گئی۔

اداکار کو پچھلے چند سال سے جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے جس کی وجہ کالے ہرن کا شکار بتائی ہے اور اس کی بنا پر 1998 میں اداکار کو مقدمے کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

کالے ہرن کو مذہبی طور پر بشنوئی کمیونٹی مقدس سمجھتی ہے۔

ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے فین فالوؤنگ بڑھانے کے لیے لارنس بشنوئی گینگ کی دھمیکیوں کی نقل کرنے کا منصوبہ بنایا (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)

گزشتہ سال 2024 میں موصول ہونے والی ایک دھمکی میں سلمان خان کو کہا گیا تھا کہ وہ مندر کا دورہ کریں اور کالے ہرن کے شکار پر عوامی سطح پر معافی مانگیں یا پھر پانچ کروڑ روپے ادا کریں۔

اسی طرح 30 اکتوبر کو اداکار کو ایک بار پھر ایک شخص کی طرف سے دھمکی دی گئی اور دو کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔

پچھلے برس جعلی شناخت کے ذریعے ان کے فارم ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی گئی تھی۔

اسی طرح 2023 میں مبینہ طور پر گینگسٹر گولڈی برار کی جانب سے بھجوائی گئی ایک ای میل بھی موصول ہوئی تھی جبکہ 2022 میں ان کے والد کو گھر کے قریب پارک کے بینچ سے ایک دھمکی آمیز خط ملا تھا۔

اس کے بعد اداکار نے اسلحہ رکھنے کا لائسنس بھی حاصل کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق تازہ دھمکی کے بعد اداکار کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

حال ہی میں سلمان خان نے ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ ’خدا نے جتنی عمر لکھی ہے، بس اتنی ہی رہے گی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More