مشہور بھارتی فلم ساز کرن جوہر نے آخرکار اپنے وزن میں کمی سے متعلق خاموشی توڑ دی ہے۔ جب وہ اپنے برانڈ "تیانی جیولری" کے لیے ریمپ پر واک کرتے نظر آئے تو ان کا بدلا ہوا انداز سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر وائرل ہو گئیں، لوگ حیران ہوئے کہ انہوں نے اتنی جلدی وزن کیسے کم کر لیا؟ کچھ نے یہاں تک سوال اٹھایا کہ کیا انہوں نے وزن کم کرنے والی مشہور دوا ’او زیمپک‘ استعمال کی ہے؟
کافی عرصہ تک کرن جوہر نے ان خبروں پر کوئی جواب نہیں دیا، لیکن اب ایک انسٹاگرام سیشن کے دوران انہوں نے مداحوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے واضح کر دیا کہ ان کی یہ تبدیلی محض محنت اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی کا نتیجہ ہے، نہ کہ کسی دوا کا۔
کرن نے بتایا کہ وہ خود کو پہلے سے زیادہ فِٹ اور خوش محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی خوراک اور روزمرہ کی عادات پر خاص توجہ دی۔ کرن جوہر دن میں صرف ایک بار کھانا کھاتے ہیں، جسے ’ون میل اے ڈے‘ یعنی (OMAD) کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنی خوراک سے گلوٹن، دودھ اور چینی جیسی چیزیں مکمل طور پر نکال دی ہیں۔
کرن کا کہنا تھا کہ اب وہ صرف اس وقت کھاتے ہیں جب واقعی بھوک لگتی ہے، اور بلاوجہ کھانے کی عادت ترک کر دی ہے۔ انہوں نے اگرچہ ’او زیمپک‘ کا نام نہیں لیا، لیکن ان کے الفاظ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی فٹنس صرف محنت اور نظم و ضبط کا نتیجہ ہے۔