سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز وفد کے ہمراہ ایران کے دورے پر پہنچ گئے۔ تہران پہنچنے پر ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے سعودی وزیر دفاع کا استقبال کیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ شہزادہ خالد بن سلمان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پیغام پہنچایا، تاہم اس پیغام کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہیں۔ انہوں نے ایران کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
سعودی وزیر دفاع کا دورہ امریکا اور ایران کے درمیان رواں ہفتے روم میں ہونے والے جوہری مذاکرات سے قبل ہوا ہے۔ گزشتہ سال سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے بھی ایران کا دورہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے مابین 2023ء میں چین کی ثالثی میں ایک معاہدے کے تحت کئی برسوں کی کشیدگی کے بعد سفارتی تعلقات بحال کیے تھے۔