سعودی عرب میں عمرہ پر آئے پاکستانی زائرین کی ایک بس مدینہ منورہ جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں پانچ قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، جن میں تین خواتین بھی شامل تھیں۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب البدر سے روانہ ہونے والی یہ بس ایک ٹرالر سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق زخمیوں میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں، جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق پاکستان کے ضلع بہاولنگر سے ہے۔ تینوں خواتین کا تعلق الگ الگ دیہات سے تھا—دو کا گاؤں 228 نائن آر اور ایک کا تعلق 201 مراد سے بتایا گیا ہے۔ جاں بحق مردوں میں ایک کا تعلق گاؤں 39 تھری آر جبکہ دوسرے بزرگ کا تعلق ڈاہرنوالہ شہر سے ہے۔