راولپنڈی میں 7 سالہ بھانجی کےاغوا، زیادتی اور قتل کے کیس میں گرفتار مرکزی ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان نے ساتھی کو چھڑانے کے لیے پولیس پر فائرنگ کی تاہم گولیاں لگنے سے گرفتار ملزم زخمی ہوگیا، ملزم کو ہسپتال منتقل کیا جارہاتھا کہ اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم سنبل کوآلہ قتل برآمدگی کے لیے لےجایا جارہا تھا کہ اس کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کو آلہ قتل کی برآمدگی کے لیے مرید پھاٹک لے جایا جارہا تھا، ملزم کی لاش تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجر خان منتقل کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ ملزم سنبل نے7سالہ بچی کو زیر تعمیر مکان میں زیادتی کے بعد قتل کر دیا تھا، راولپنڈی پولیس کی اسپیشل ٹیم نے ملزم سنبل کو مندرہ کے علاقے سے گرفتار کیا تھا، ملزم مقتولہ کا سگا ماموں اور نشے کا عادی تھا۔
ملزم نے بچی کو ایسٹر کی خوشی میں چیز دلانے کا جھانسہ دیا اور بہلا پھسلا کر زیر تعمیر مکان میں لے گیا، ملزم نے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا۔
واقعہ کا مقدمہ تھانہ مندرہ میں مقتولہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج ہے، بچی کی لاش اتوار اور پیر کی درمیانی شب 5 مرلہ سکیم میں زیر تعمیر گھر کے فرسٹ فلور پر واش روم سے ملی تھی۔