انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں کا حملہ، 5 سیاحوں کی ہلاکت کا خدشہ

اردو نیوز  |  Apr 22, 2025

انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر میں منگل کو مشتبہ عسکریت پسندوں کے حملے میں کم از کم پانچ سیاحوں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کشمیر کے ایک پولیس ذریعے کا کہنا ہے کہ اس حملے میں آٹھ افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں۔

یہ گذشتہ تقریباً ایک برس کے دوران کشمیر میں سب سے بدترین حملہ ہے۔

یہ حملہ پہلگام میں پیش آیا، جو کہ انڈیا کے خوبصورت مسلم اکثریتی علاقہ وادی کشمیر کا مشہور سیاحتی مقام ہے۔ حالیہ برسوں میں عسکریت پسندوں کے حملے میں کمی کے باعث کشمیر میں موسم گرما میں ہزاروں سیاح آتے ہیں۔

پولیس ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

انڈین ٹی وی چینلز نے پہلے اطلاع دی تھی کہ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔

کشمیر کی وادی، جس پر انڈیا اور پاکستان دونوں دعویٰ کرتے ہیں لیکن اسے جزوی طور پر کنٹرول کرتے ہیں، سنہ 1989 میں شروع ہونے والی انڈین مخالف بغاوت کے بعد سے عسکریت پسندی کا شکار ہے۔ اگرچہ حالیہ برسوں میں تشدد میں کمی آئی ہے، لیکن ہزاروں افراد اس تنازع کی وجہ سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

گذشتہ برسوں میں کشمیر میں سیاحوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں کمی آئی ہے تاہم یہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے ہیں۔

انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں زائرین پر آخری بڑا حملہ گذشتہ برس جون میں ہوا تھا، جس میں کم از کم نو افراد ہلاک اور 33 زخمی ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب  عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد ہندو یاتریوں کو لے جانے والی بس ایک گہری کھائی میں جا گری تھی۔

انڈیا نے سنہ 2019 میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی اور ریاست کو دو وفاقی علاقوں (یونین ٹیریٹریز) جموں و کشمیر اور لداخ، میں تقسیم کر دیا تھا۔ اس اقدام سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More