پی ایس ایل 10: ملتان سلطانز کی پہلی فتح، لاہور قلندرز کو 33 رنز سے ہرا دیا

اردو نیوز  |  Apr 23, 2025

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے12 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 33 رنز سے ہرا دیا۔

منگل کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 228 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی اننگزملتان سلطانز کی جانب سے یاسر خان نے 44 گیندوں پر 87 رنز بنائے اور سکندر رضا کی بال پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔۔ ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

عثمان خان 39 جبکہ کپتان محمد رضوان 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اننگز کا آغاز کرنے والے کپتان محمد رضوان 32 بنانے کے بعد آصف آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد عثمان خان بھی 39 رنز بنانے کے بعد رشاد حسین کی گیند پر آصف آفریدی کو کیچ تھما بیٹھے۔

ایشٹن ٹرنر ابھی 15 رنز ہی بنا پائے تھے کہ رشاد حسین کا شکار بن گئے۔ مائیکل بریسویل ابھی وکٹ پر قدم جما بھی نہ سکے تھے کہ نو رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند ہر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

لاہور قلندرز کی اننگز

229 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ مایوس کن رہی، سکندر رضا نے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں ںے 27 گیندوں کا سامنا کیا اور تین چھکے اور 5 چوکے لگائے۔

لاہور قلندرز نے 229 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو محمد نعیم صرف 11 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

ان کے بعد فخر زمان آئے جو 32 رنز سکور کر کے عبید شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ عبداللہ شفیق بھی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 18 رنز بنا کر بریسویل کا شکار بن گئے۔

ڈیرل مچل نے بھی 19 رنز بنائے اور عبید شاہ کی گیند پر بولڈ آؤٹ ہوگئے۔ رشاد حسین بھی صرف دو رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کا شکار بن گئے۔

سیم بلنگز نے صرف 23 گیندوں پر 43 رنز بنائے اور عبید شاہ کی گیند پر کامران غلام کو کیچ دے بیٹھے۔

لاہور قلندرز نے اب تک ایونٹ کے چار میں سے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے (فوٹو: پی ایس ایل)کپتان شاہین شاہ آفریدی صرف دو رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ آصف آفریدی اور حارث رؤف بالترتیب چار اور ایک رن ہی بنا سکے۔

ملتان سلطانز کے عبید شاہ نے تین، مچل بریسویل اور اسامہ میر نے دو، دو، جبکہ جوش لٹل اور ڈیوڈ وِِلی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے تو ملتان سلطانز نے ابھی تک ایک میچ جیتا ہے اور اس کے دو پوائنٹس ہیں، جبکہ لاہور قلندرز کے چار پوائنٹس ہیں۔

ملتان سلطانز کا سکواڈ

ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، یاسر خان، عثمان خان، کامران غلام، ایشٹن ٹرنر، مائیکل بریسویل، افتخار احمد، ڈیوڈ وِلی، اسامہ میر، جوش لٹل اور عبید شاہ شامل تھے۔

لاہور قلندرز کا سکواڈلاہور قلندرز کی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بلنگز، سکندر رضا، رشاد حسین، حارث رؤف، آصف آفریدی اور زمان خان شامل تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More