کیا بابر اعظم اور محمد رضوان بنگلادیش کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل ہوں گے؟

سچ ٹی وی  |  May 01, 2025

بنگلادیش کیخلاف 5 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز میں نائب کپتان محمد رضوان اور اسٹار بیٹر بابراعظم کو ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ حکام بنگلادیش کیخلاف سیریز میں نوجوان کرکٹر کو موقع دینے کے حامی ہیں، اس لیے سابق کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کو ٹیم سے ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔

بنگلادیش کیخلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان تاحال نہیں ہوا ہے البتہ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ٹیم انتظامیہ سیریز میں اوپننگ کیلئے بابر اور رضوان کے علاوہ دیگر کئی ناموں پر غور کررہی ہے۔

نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں بابراعظم اور رضوان کو آرام دیا گیا تھا تاہم اسکے باوجود گرین شرٹس کو 1-4 سے بدترین شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

ٹیم مینجمنٹ صائم ایوب، فخر زمان اور ممکنہ طور پر صاحبزادہ فرحان کو اوپننگ میں ذمہ داریاں سونپ سکتی ہے، اسی طرح دیگر کھلاڑیوں میں حسین طلعت، حسن علی، فہیم اشرف اور علی رضا کے نام بھی بنگلادیش کیخلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ پاک بنگلادیش سیریز کے ابتدائی 2 ٹی20 میچز 25 اور 27 مئی کو فیصل آباد میں اور بقیہ تین میچز 30 مئی، یکم جون اور 3 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، مقامی وقت کے مطابق تمام میچز رات 8 بجے شروع ہوں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More