پاکستانی مسلح افواج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دشمن کی جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارتی 6 مہار یونٹ کے بٹالین ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا اور مختلف ذرائع ابلاغ پر سامنے آچکی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی 6 مہار یونٹ مقبوضہ کشمیر کے اس حصے میں تعینات ہے جو آزاد کشمیر کی وادی لیپا کے بالکل سامنے واقع ہے۔
اس سے قبل بھی پاک فضائیہ نے دشمن کے فضائی حملوں کے جواب میں بھارت کے 6 طیاروں کو مار گرایا جن میں جدید فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے اور ڈرون شامل ہیں۔ اس کارروائی میں نہ صرف طیارے تباہ کیے گئے بلکہ بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آچکی ہے۔
علاوہ ازیں پاک فوج نے ایل او سی کے مختلف سیکٹرز میں بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی ہدف بنایا۔ جورا سیکٹر میں ایک بڑی پوسٹ تباہ کی گئی، جب کہ اس سے قبل پانڈو سیکٹر میں بھی دشمن کی ایک چیک پوسٹ کو مکمل طور پر نشانہ بنایا گیا تھا۔
لائن آف کنٹرول پر بھارت کی ’چھتری‘ اور ’گفدار‘ کے نام سے مشہور پوسٹیں بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح کوٹ کٹھیرا سیکٹر میں دشمن کی ’سرلیا ون‘ چیک پوسٹ کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنا کر ختم کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب اسی کی زبان میں دیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ پاکستان کی جوابی کارروائیوں نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔