’آپریشن سندور‘: انڈین صارفین پاکستان کے خلاف آپریشن کے نام کو معنی خیز کیوں قرار دے رہے ہیں؟

بی بی سی اردو  |  May 07, 2025

منگل کی شب پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر میں انڈیا کی جانب سے کیے گئے حملوں کے بعد جہاں دونوں ممالک کے حکام کی جانب سے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے وہیں پاکستان اور انڈیا میں سوشل میڈیا پر بھی ٹاپ ٹرینڈز میں یہی معاملہ سرفہرست ہے۔

دونوں ممالک میں سوشل میڈیا اور روایتی میڈیا پر ایک دوسرے کے جانی و مالی نقصانات سے متعلق غیرمصدقہ اور بڑھا چڑھا کر دعوے پیش کیے جا رہے ہیں جبکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے بنائی گئی متعدد فیک تصاویر اور ویڈیوز بھی زیر گردش ہیں۔

انڈیا، پاکستان کشیدگی کی تازہ ترین صورتحال بی بی سی اُردو کے لائیو پیج پر

تاہم ایک ہیش ٹیگ جس کے تحت دونوں ممالک میں تبصرے کیے جا رہے ہیں وہ ’سندور‘ سے متعلق ہے اور اس ٹرینڈ کی ابتدا اس وقت ہوئی جب انڈین فوج کی جانب سے بتایا گیا کہ انھوں نے پاکستان کے خلاف حملوں کو 'آپریشن سندور' کا نام دیا ہے اور انڈین میڈیا میں اس نام کو بہت معنی خیز قرار دیا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں انڈین آرمی اور انڈین وزیر خارجہ جے شنکر کے آفیشل اکاؤنٹس سے ایک تصویر بھی پوسٹ کی گئی ہے جس میں انگریزی کے حروف میں ’آپریشن سندور‘ لکھا ہوا ہے۔ اس میں انگریزی کے ایک لفط ’او‘ کی جگہ ایک گول پیالہ ہے جس میں سندور بھرا ہے جبکہ دوسرے ’او‘ میں موجود سندور پیالے سے باہر چھلک رہا ہے۔

واضح رہے کہ انڈیا میں ہندو عقیدے کے مطابق سندرو کسی خاتون کے شادی شدہ ہونے کی دلیل ہوتی ہے جبکہ شوہر کی موت پر ماتھے سے سندور ہٹا دیا جاتا ہے اور اسے مانگ سونی ہونا یا مانگ کا اجڑنا کہتے ہیں۔

'آپریشن سندور' کیا ہے؟

انڈین فوج کی کرنل صوفیہ قریشی نے بدھ کی صبح آپریشن سندور سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ 22 اپریل کو ’پہلگام میں ہونے والے حملے کا درست فوجی ردعمل تھا جو کہ معتبر انٹیلیجنس کی بنیاد پر کیا گیا۔‘

انھوں نے دعویٰ کیا کہ آپریشن سندور کے تحت کالعدم لشکر طیبہ سمیت دیگر کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے اڈوں اور تربیتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم پاکستان میں فوجی اور سیاسی حکام نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد اور شہری علاقوں پر ہونے والے ان حملوں کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 26 عام شہری ہلاک جبکہ 46 زخمی ہوئے ہیں۔

کرنل صوفیہ قریشی نے کہا کہ ’ان کیمپوں کا انتخاب دستیاب انٹیلیجنس کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا اور یہ خیال رکھا گيا کہ صرف دہشت گرد تنصیبات کو ہی نشانہ بنایا جائے۔ ان کیمپوں کو نشانہ بنایا گيا جہاں سے ماضی میں ہندوستان کے خلاف دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔‘ یاد رہے کہ پاکستان اس نوعیت کے الزامات کی ماضی میں بارہا تردید کر چکا ہے اور کا کہنا ہے کہ انڈین حملوں میں عام شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

انڈیا کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس کی مسلح افواج اور فضائیہ نے رات ایک بج کر پانچ منٹ پر ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں نو اہداف، جنھیں ’دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے‘ کہا گیا، پر ٹارگیٹڈ حملے کیے ہیں۔ پاکستانی فوج نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں میں معصوم شہریوں اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

’چھ مقامات پر 24 حملے‘: انڈیا نے چھ مئی کی شب پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں کن مقامات کو نشانہ بنایا؟’میزائل گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوا جیسے آسمان سُرخ ہو گیا‘پاکستان اور انڈیا کی فوجی طاقت کا موازنہ: لاکھوں کی فوج سے جدید طیاروں، بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز تکپہلگام حملہ اور کشیدگی: پاکستان اور انڈیا کے تنازع میں چین کس کا ساتھ دے گا؟

انڈین وزارت دفاع کا دعویٰ ہے کہ اس آپریشن کے تحت ’انڈین فوج نے کسی بھی پاکستانی فوجی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا ہے اور اہداف کے انتخاب میں تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔‘

پاکستانی فوج کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ انڈین حملے کے جواب میں پاکستانی فضائیہ نے پانچ انڈین طیارے اور ایک جنگی ڈرون مار گرایا ہے۔ پاکستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اس حملے پر ردعمل دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

انڈیا میں آپریشن سندور ’معنی خیز‘BBCپاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ انڈین حملے کے نتیجے میں 26 شہری ہلاک جبکہ 46 زخمی ہوئے ہیں

یاد رہے کہ پہلگام حملے میں ہلاک ہونے والے تمام 26 افراد مرد تھے۔ مرنے والوں میں نئے شادی شدہ جوڑوں کے مرد بھی شامل تھے۔

اسی تناظر میں اس آپریشن کا نام ’سندور‘ رکھنے کو معنی خیز قرار دیا جا رہا ہے۔

انڈین آرمی نے اپنے پبلک انفارمیشن ایکس ہینڈل سے ہیش ٹیگ ’پہلگام ٹیرر اٹیک‘ کے ساتھ لکھا ہے کہ ’انصاف دے دیا گیا، جے ہند۔‘ اور اس کے ساتھ سندور کا لفظ لکھا گیا ہے۔

انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی نے پہلگام میں ہلاک ہونے والے کوستبھ گنبوٹے کی بیوہ سنگیتا گنبوٹے سے بات کی اور ان کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کہتی ہیں کہ ’فوج کی طرف سے کی گئی کارروائی اچھی ہے، اور اسے آپریشن سندور کا نام دے کر انھوں نے خواتین کی عزت کی ہے۔ میں اب بھی کبھی کبھی رو پڑتی ہوں۔ ہم پی ایم مودی سے ایسی کارروائی کا انتظار کر رہے تھے، اور انھوں نے مناسب جواب دیا ہے۔‘

اسی طرح پہلگام حملے کی متاثرہ خاتون منجوناتھ راؤ کی والدہ نے خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمیں امید تھی کہ پی ایم مودی اچھی کارروائی کریں گے۔ آپریشن سندور، اس آپریشن کا ایک مناسب نام ہے۔‘

ریاست اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس رہنما ہریش راوت نے اپنے ایکس ہینڈل پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، یہ آپریشن سندور ہے، آپ نے ہماری بہنوں کا سندور مٹایا ہے، ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے۔‘

دوسری جانب انڈیا میڈیا اور سوشل میڈیا پر دعوے اور دعووں کو رد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ انڈیا کی تقریبا تمام سیاسی جماعتوں نے انڈین فوج کی جانب سے کیے جانے والے حملے کی حمایت کی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انڈیا کے ٹاپ دس ٹرینڈز میں سے سب اس حملے کے حوالے سے ہیں جن میں ’آپریشن سندور‘ ٹاپ پر ہے جبکہ اس کے بعد جے ہند، انڈین آرمی، انڈیا پاکستان وار، بھارت ماتا، بھارتیہ سینا، ایئر سٹرائیک، انڈین ایئرفورس وغیرہ شامل ہیں۔

تاہم ایسے میں چند لوگ معلومات کے حوالے سے احتیاط سے کام لینے کی تلقین بھی کر رہے ہیں۔

معروف انڈین صحافی رعنا ایوب نے ایکس پر اس حوالے سے لکھا: ’انڈیا اور پاکستان کے حوالے سے انٹرنیٹ پر بہت زیادہ غلط معلومات، فوٹو شاپ فوٹیج چل رہی ہیں، خاص طور پر ان لوگوں کی طرف سے جنھیں بہتر طور پر معلوم ہونا چاہیے۔ عوامی مفاد میں، سنسنی پھیلانے کی خواہش کو دبانے کی کوشش کریں۔‘

انڈیا میں حزب اختلاف حکومت کے بجائے فوج کی تعریف کرتی نظر آ رہی ہے جبکہ حکمراں بی جے ہی جماعت کے رہنما وزیر اعظم مودی کے ساتھ ساتھ افواج کے حوصلے کی تعریف کر رہے ہیں۔

’میزائل گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوا جیسے آسمان سُرخ ہو گیا‘’چھ مقامات پر 24 حملے‘: انڈیا نے چھ مئی کی شب پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں کن مقامات کو نشانہ بنایا؟پہلگام حملہ اور کشیدگی: پاکستان اور انڈیا کے تنازع میں چین کس کا ساتھ دے گا؟پاکستان اور انڈیا کی فوجی طاقت کا موازنہ: لاکھوں کی فوج سے جدید طیاروں، بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز تکبالا کوٹ حملہ: جس نے انڈیا اور پاکستان کی جنگی حکمت عملی بدل دیوہ ’چھکا‘ جس نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایک ممکنہ جنگ ٹال دی
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More