انڈیا نے پاکستان کے کن شہروں کو نشانہ بنایا اور وہاں کتنا نقصان ہوا؟

اردو نیوز  |  May 07, 2025

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب انڈیا نے پاکستان اور اس کے زیرِانتظام کشمیر میں چھ مقامات پر مجموعی طور پر 24 حملے کیے۔

دوسری جانب انڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ’آپریشن سِندور‘ کے تحت مجموعی طور پر 9 اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بدھ کی علی الصبح نیوز بریفنگ میں بتایا تھا کہ انڈیا نے پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے مریدکے، احمدپور شرقیہ، شکر گڑھ اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے کوٹلی اور مظفرآباد کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بدھ کو صبح 10 بجے کے قریب اپنی دوسری بریفنگ میں یہ بھی بتایا کہ گذشتہ شب انڈیا نے حملے میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔

مریدکے، احمد پور شرقیہ، شکر گڑھ، کوٹلی اور مظفرآباد کہاں واقع ہے اور وہاں کتنی ہلاکتیں اور کتنا نقصان ہوا۔

احمد پور شرقیہ

انڈیا نے بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں رات گئے میزائل حملے کیے جن میں 13 افراد جان سے گئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق انڈیا نے بہاولپور سے احمد پور شرقیہ کو ملانے والی شاہراہ پر واقع مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا ہے۔

اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق اس جگہ کو چوک اعظم کہا جاتا ہے جو زیادہ گنجان نہیں ہے۔ اس مسجد کے ساتھ ملحقہ گھروں کو بھی نشانہ بنایا گیا اور چھت پر سوئی خواتین اور بچے بھی اس کا شکار بنے۔ یہ دیہاتی علاقہ ہے۔ اور احمد پور شرقیہ قصبے کی بڑی آبادی سے پہلے آتا ہے۔

حملوں کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)مریدکے

انڈیا نے لاہور سے 40 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع کم آبادی والے شہر مریدکے میں ایک ایجوکیشنل کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا۔ مریدکے ضلع شیخوپورہ کے شہر میں واقع ہے اور یہ شہر جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف واقع ہے۔ لاہور سے راولپنڈی کی طرف جاتے ہوئے شہری آبادی کے بعد دائیں طرف جی ٹی روڈ سے تقریباً چار سے پانچ کلومیٹر پیچھے بنا یہ ایجوکیشنل کمپلیکس اب پنجاب حکومت چلاتی ہے۔

اس سے پہلے یہ ایک مذہبی جماعت چلاتی تھی۔ یہاں بھی کئی میزائل داغے گئے جبکہ سرکاری طور پر تین ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

شکر گڑھ

یہ ضلع نارووال میں واقع ہے۔ اس کے شمال میں جموں کشمیر، مشرق میں انڈیا کا ضلع گورداسپور جبکہ شمال مغربی سرحد سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے اضلاع سے ملتی ہے۔

پاکستان فوج کے مطابق گزشتہ شب انڈیا نے شکر گڑھ میں دو گولے داغے جن سے ایک ڈسپسنری کو نقصان پہنچا۔

مظفرآباد

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کا دارالحکومت اور ریاست کا سب سے بڑا شہر ہے۔ یہ شہر ضلع مظفر آباد میں دریائے نیلم اور دریائے جہلم کے کنارے واقع ہے۔

مظفر آباد میں شوائی کے علاقے میں انڈیا نے مسجد بلال کو نشانہ بنایا۔ شوائی تھانہ صدر سے تھوڑے سے فاصلے پر واقع ہے۔

مسجد کے آس پاس سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد موجود ہے، جبکہ مسجد کی طرف جانے والی تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

مریدکے میں سرکاری طور پر تین ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)اردو نیوز کے نامہ نگار ثوبان افتخار راجہ کے مطابق اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز کی وجہ سے جاگ گئے تھے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق ’سول آبادی پر بم برسانا گھناؤنہ جرم ہے‘

کوٹلی

کوٹلی لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ہے۔ یہ شہر دریائے پونچھ کے کنارے واقع ہے، جو اپنی قدرتی مناظر اور آبشاروں کے لیے جانا جاتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انڈیا نے کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا ہے جس میں ایک 16 سالہ بچی اور ایک 18 سالہ لڑکا ہلاک ہوا ہے جبکہ ایک ماں اور بچی زخمی ہیں۔

افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ’انڈیا نے پاکستان میں 6 مقامات پر 24 حملے کیے ہیں جن میں 26 اموات ہوئیں جبکہ 46 افراد زخمی ہوئے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More