پاکستان کے جے 10 طیارے نے بدھ کو 2 بھارتی طیارے تباہ کئے ، امریکی عہدیدار

سچ ٹی وی  |  May 08, 2025

امریکی عہدیداروں کی برطانوی خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے چینی ساختہ جے 10 طیارے نے بدھ کو 2 بھارتی طیارے مار گرائے۔

امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ پاکستان نے چینی ساختہ جے10طیارے سے بھارتی لڑاکا طیاروں پر فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل داغے۔ عہدیدار کے مطابق چینی ساختہ جے 10 طیارے سے داغے گئے میزائلوں سے 2 طیارے مار گرائے گئے۔

ایک اور عہدیدار نے کہا کہ مار گرائے جانے والے بھارتی طیاروں میں کم از کم ایک فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ تھا۔ عہدیدار کے مطابق بھارت کے خلاف کارروائی میں امریکی ساختہ ایف 16 طیارے استعمال نہیں کیے گئے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی بھارت کے خلاف کارروائی میں جے10طیارے استعمال کرنے کی تصدیق کی تھی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کے 3 رافیل طیارے مار گرانے میں جے 10 طیارہ استعمال کیا گیا۔ اس سے قبل فرانس کے ایک اعلیٰ انٹیلیجنس اہلکار نے امریکی میڈیا کو تصدیق کی تھی کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا ایک رافیل لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔

فرانسیسی اہلکار کے مطابق فرانسیسی حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا پاکستان نے واقعی ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے۔

خیال رہے کہ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی طیاروں کو مار گرایا جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More