انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث انڈین پریمیئر لیگ کا دھرم شالہ میں 11 مئی کو شیڈول پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینز کا میچ احمدآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کے روز گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انیل پٹیل نے ٹائمز آف انڈیا کو آئی پی ایل میچ منتقلی کی تصدیق کی ہے۔
انیل پٹیل نے کہا ہے کہ اب ممبئی انڈینز اور پنجاب کنگز کے درمیان شیڈول میچ احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔
دھرم شالہ اور اطراف کے ایئرپورٹس کی بندش کے باعث ممبئی انڈینز کی ٹیم کا ممبئی سے دھرم شالہ پہنچنا ناممکن تھا۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم نے بدھ کے روز ممبی سے روانہ ہونا تھا مگر ایئرپورٹس کی بندش کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
پنجاب کنگز اور ممبئی انڈینز کے میچ کے مقام کی تبدیلی کے بعد دہلی کیپیٹلز اور پنجاب کنگز کی ٹیمیں نقل و حرکت کے مسائل سے دوچار ہو جائیں گی کیونکہ دونوں ٹیمیں اس وقت دھرم شالہ میں اپنے میچ کے لیے موجود ہیں۔
دہلی کیپیٹلز اور پنجاب کنگز کا آج دھرم شالہ میں میچ شیڈول ہے اور ان کا اگلا میچ 11 مئی کو ہونا ہے جس کے لیے انہیں بذریعہ سڑک طویل سفر کرنا پڑے گا۔
انڈین میڈیا کے مطابق اس وقت آئی پی ایل کی ٹیمز ایئرپورٹس کی بندش کے باعث ٹرین اور سڑک کے سفر کے آپشنز پر غور کر رہی ہیں، البتہ ابھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے جہاں انڈیا میں آئی پی ایل چل رہا ہے وہیں پاکستان میں بھی پی ایس ایل جاری ہے۔ پاکستان کے مقامی میڈیا میں رپورٹ کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان سپر لیگ بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے اور ٹورنامنٹ کو کراچی یا بیرون ملک منتقل کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کےترجمان نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ ’پی سی بی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور پی ایس ایل کے کچھ میچز کو ری شیڈول کرے گا۔ معاملات کو حتمی شکل دینے کے بعد مزید اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔‘
انڈیا اور پاکستان کے درمیان کوئی میچ نہیں ہونا چاہیے: گوتم گھمبیر
انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ گوتم گنبھیر نے ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان کوئی میچ نہیں ہونا چاہیے۔
دونوں ممالک کی ٹیمیں فی الحال طویل عرصے سے تناؤ کی وجہ سے صرف عالمی مقابلوں میں ایک دوسرے سے کھیلتی ہیں اور ایک دوسرے ممالک کا دورہ کرنے سے پرہیز کرتی ہیں۔ اس سال کے آخر میں خواتین کے ورلڈ کپ میں ان دونوں ممالک کے ٹیموں کے درمیان ملاقات ہونے والی ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا میچوں کو جاری رہنا چاہیے، گمبھیر نے کہا ’بالکل نہیں۔‘
دونوں ممالک کی ٹیمیں طویل عرصے سے تناؤ کی وجہ سے صرف عالمی مقابلوں میں ایک دوسرے سے کھیلتی ہیں (فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انہوں نے کہا کہ جب تک صورت حال حل نہیں ہو جاتی تب تک ’انڈیا اور پاکستان کے درمیان کچھ نہیں ہونا چاہیے۔‘
پانچ مئی کو ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا کی میزبانی میں ہونے والا ایس اے اے ایف سینیئر ایتھلیٹکس میٹ جس میں پاکستانیوں کو بھی شامل ہونا تھا، اسے پہلگام حملے کے بعد ملتوی کر دیا گیا۔
اولمپک اور عالمی چیمپئن شپ کا تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا جنہوں نے پہلگام شوٹنگ سے دو دن قبل ارشد ندیم کو مدعو کیا تھا، انہیں آن لائن ٹرول کیا گیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اس بات پر دکھ کا اظہار کیا کہ ان کی ’ملک سے محبت اور خاندان کی عزت پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔‘