پاکستان پولیس نے بین الاقوامی سطح پر ایک شاندار اعزاز حاصل کر لیا، اے ایس پی انعم شیر خان نے ورلڈ پولیس سمٹ کا بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اے ا یس پی انعم شیر خان نے تفتیشی عمل میں بہترین کردگی پر پہلی پوزیشن لی تھی۔
یہ ایوارڈ خاتون پولیس افسر کو دبئی میں واقع ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہونے والی ایک پر وقار تقریب میں دبئی پولیس کے کمانڈر ان چیف نے دیا۔
اس ایوارڈ کیلئے دنیا کے 192 ممالک سے پولیس افسران کی مختلف کیٹیگریز میں غیر معمولی کارکردگی زیر غور آئی۔
خاتون پولیس افسر نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی قابلیت اور پیشہ ورانہ مہارت سے عالمی ججز کا اعتماد حاصل کیا اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یہ ایوارڈ ان کی کریمینل انویسٹی گیشن کے شعبے میں شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس پی انعم شیر خان کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد اور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی پاکستان اور پنجاب پولیس کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے کا باعث بنی ہے۔