پاک چین وزرا خارجہ ملاقات، ساتھ مل کرچلنے کا اعادہ

سچ ٹی وی  |  May 31, 2025

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی (آئی او میڈ) کے منفرد فوائد کو فروغ دینے کے لئے پاکستان اور ہم خیال ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ہانگ کانگ میں بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کے قیام کے کنونشن کی دستخطی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران وانگ یی نے کہا کہ چین پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر تنازعات کے رضاکارانہ اور موثر نئے متبادل حل فراہم کرنے اور عالمی جنوب میں امن، استحکام، انصاف اور عدل کے فروغ کے لئے ایک نیا پلیٹ فارم بنانے کو تیار ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستانی وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کے قیام کے لئے چین کا اقدام بروقت ہے اور کثیرجہتی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بیجنگ میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی غیر رسمی ملاقات کامیاب رہی۔ پاکستان نے چین کی ثالثی کی تجویز قبول کرلی ہے اور افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چینی وزیرخارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات میں بہتری سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم ہوں گے، اعتماد بڑھے گا اور تعاون مضبوط ہوگا۔

وانگ یی نے کہا کہ چین جولائی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے اور بین الاقوامی امن و سلامتی میں کردار ادا کرنے میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More