گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے گاؤں گبر سے تعلق رکھنے والے دو سالہ بچے مزمل کے پولیو سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔
سیکرٹری صحت گلگت بلتستان آصف اللّٰہ خان کے مطابق یہ 7 سال بعد گلگت بلتستان میں سامنے آنے والا پہلا پولیو کیس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بچے کا تعلق گبر گاؤں سے ہے اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد نے بھی پولیو وائرس کی لیبارٹری تصدیق کر دی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جس علاقے سے یہ پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کا تعلق بھی اسی گاؤں گبر سے ہے، جس سے علاقے میں صحت عامہ سے متعلق تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔ محکمہ صحت نے فوری طور پر انسدادِ پولیو مہم کو مؤثر بنانے اور ہنگامی اقدامات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔