وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اپنے ذمہ خیبر پختونخوا کے تمام بقایا جات ادا کرے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے جرگے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سابق فاٹا اور پاٹا پر ٹیکس لگانے سے گریز کرے۔ اور کوئی ایسا ٹیکس قابل قبول نہیں ہے۔ ان علاقوں کے عوام کی مالی صورتحال ایسی نہیں کہ وہ ٹیکس دے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بُری طرح سے متاثر ہوئے ہیں۔ اور ان علاقوں میں خطیر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ ضم اضلاع کے لوگوں نے ملک کی خاطر بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ان کے ساتھ کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت ضم اضلاع کے بےگھر افراد کے معاوضوں کے پیسے جلد از جلد جاری کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں ڈرون حملے بند کیے جائیں۔ ان سے بےگناہ لوگوں کا بھی بہت نقصان ہوتا ہے۔ این ایف سی میں ضم اضلاع کا حصہ صوبے کو منتقل کرنے کا بھی فوری اعلان کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم کسی دوسرے صوبے کا حق نہیں مانگ رہے۔ بلکہ ہمیں ہمارا حق دیا جائے۔ وفاقی حکومت اپنے ذمہ خیبر پختونخوا کے تمام بقایا جات ادا کرے۔