ایران کا فیصلہ کن جواب دشمن کو اس کے احمقانہ اقدام پر پشیمان کر دے گا، ایرانی صدر

سچ ٹی وی  |  Jun 13, 2025

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس ظلم پر خاموش نہیں رہیں گے۔ ایران کا قانونی اور فیصلہ کن جواب دشمن کو اس کے احمقانہ اقدام پر پشیمان کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ایرانی عوام کو پہلے سے کہیں زیادہ باہمی اعتماد اور اتحاد کی ضرورت ہے اور یہی جذبہ ہمیں اس مجرمانہ حملے کا سخت جواب دینے کے قابل بنائے گا۔

ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ گزشتہ شب صہیونی حکومت نے تہران اور ملک کے دیگر شہروں پر ایک وحشیانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں بےگناہ بچوں اور خواتین، متعدد عام شہریوں، فوجی کمانڈروں اور جوہری سائنس دانوں کی شہادت ہوئی۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ یہ حملہ اس سچائی کی گواہی ہے جسے ایران برسوں سے دہرا رہا ہے کہ صہیونی حکومت کا وجود ہی ظلم و بربریت سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جارحیت اور بزدلانہ حملے پر ہم نہ خاموش بیٹھیں گے اور نہ نظر انداز کریں گے۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ عالمی اور علاقائی امن کے لیے سنجیدہ مذاکرات اور اعتماد سازی پر زور دیا ہے لیکن اب وقت ہے کہ ایران اپنی خودمختاری کے دفاع میں مضبوط عملی اقدام کرے۔

انہوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کو برقرار رکھیں، دشمن کی طرف سے پھیلائی گئی افواہوں اور نفسیاتی جنگ کا شکار نہ ہوں، حکومتی اداروں پر بھروسہ رکھیں اور ایک باشعور اور متحد قوم کی طرح ان سخت حالات سے گزرنے کی تیاری کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More