سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف کے مشیر اعلی جنرل احمد وحیدی کہتے ہیں آپریشن وعدہ صادق تھری میں ہمارے اہداف میں سب سے اہم نواتیم، اودا اور تل نوف کے فضائی اڈے تھے۔ اسرائیلی فضائیہ کی کمانڈ اور دیگر جنگی مراکز موجود تھے۔ یہی اڈے ایران پر حالیہ حملے کا نقطۂ آغاز تھے۔
جنرل وحیدی نے مزید بتایا کہ تل ابیب میں وزارت دفاع، صنعتی اور فوجی مراکز بھی براہ راست ایرانی حملے کا نشانہ بنے۔ جبکہ مجموعی طور پر میزائل حملوں میں ایک سو پچاس سے زائد اہداف کامیابی سے نشانہ بنائے گئے۔
جنرل وحیدی نے صہیونی حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو آج یہ بات بخوبی سمجھ میں آگئی ہے کہ ایران نہ صرف پوری قوت کے ساتھ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، بلکہ آئندہ بھی ایسے جوابی اقدامات دہرائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ ہمارے کچھ فوجی مراکز کو نشانہ بنا کر ہمیں کمزور کر دے گا اور ہم خاموش رہیں گے، لیکن آج انہیں اپنی سنگین غلطی کا اندازہ ہوگیا ہے اور اب وہ اس کے نتائج بھگتنے کے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔