بلوچستان: غیرت کے نام پر قتل کے خلاف سول سوسائٹی کا احتجاج، انصاف کا مطالبہ

ہماری ویب  |  Jul 26, 2025

بلوچستان میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کے خلاف سول سوسائٹی کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ بول اُٹھو گروپ اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کوئٹہ کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں انسانی حقوق کے کارکنوں، خواتین اور سماجی نمائندوں نے شرکت کی۔

مظاہرین نے حالیہ ڈیگاری واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز اور غیرقانونی قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی جرگوں کی جانب سے غیرت کے نام پر قتل جیسے ظالمانہ فیصلوں کا فوری سدباب کیا جائے اور ان میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیرت کے نام پر قتل میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے اور ان مقدمات کو جلد از جلد نمٹایا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے۔

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر غیرت کے نام پر قتل ناقابلِ قبول، انصاف دو، خاموشی نہیں اور قاتلوں کو سزا دو جیسے نعرے درج تھے۔ انہوں نے حکومت، عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے اور روایتی جرگہ نظام کے تحت دی جانے والی غیر انسانی سزاؤں کو بند کیا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More