سعودی عرب کے شہر طائف میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے سب کو حیران کر دیا اور رشتوں کے بارے میں عام تاثر کو بدل کر رکھ دیا۔ جہاں اکثر کہا جاتا ہے کہ عورت اپنی سوتن کو برداشت نہیں کرتی، وہیں ایک خاتون نے اپنی سوتن کی جان بچا کر ایثار و محبت کی مثال قائم کر دی۔
رپورٹس کے مطابق ماجد بلدہ الروقی کی پہلی بیوی، نورا سالم الشمری، نے اپنے شوہر کی دوسری بیوی، تغرید عوض السعدی، کو زندگی کا سب سے قیمتی تحفہ دے دیا. اپنے جگر کا 80 فیصد حصہ۔ تغرید کئی سال سے گردے ناکارہ ہونے کی وجہ سے ڈائیلاسز پر زندگی گزار رہی تھی، جبکہ شوہر نے علاج کے لیے امریکہ سمیت کئی ممالک کا سفر کیا، لیکن کوئی حل نہ نکل سکا۔
مایوسی کے عالم میں ماجد نے اپنا گردہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ماجد نے بتایا کہ گردہ ٹرانسپلانٹ کی سرجری سے پہلے انہوں نے اپنے پانچ بچوں کو اپنی پہلی بیوی نورا کے حوالے کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مجھے کچھ ہو جائے تو ان کا خیال رکھنا۔ مگر اس سے پہلے نورا نے ایک غیر متوقع قدم اٹھاتے ہوئے خود اپنا جگر عطیہ کرنے کی پیشکش کی۔ اللہ کی رضا کی خاطر کیے گئے اس فیصلے نے سب کو ششدر کر دیا۔ طبی جانچ میں ٹشوز میچ ہونے پر آپریشن ہوا، جو کامیاب رہا۔
نورا کے اس عمل نے نہ صرف شوہر بلکہ پورے علاقے کے لوگوں کو متاثر کیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ قربانی انسانیت، برداشت اور سچی نیت کی ایسی مثال ہے جسے دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی۔