معروف اداکار سنجے دت کی بیٹی شاہ رخ خان سے متاثر کیوں ہیں؟

اردو نیوز  |  Aug 27, 2025

بالی وُڈ کے معروف اداکار سنجے دت، جنہیں مداح ’سنجو بابا‘ کے نام سے جانتے ہیں، دو روز سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ لیکن اس کی وجہ ان کی کوئی نئی فلم یا پروجیکٹ نہیں، بلکہ ان کی بڑی بیٹی تریشلا دت کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پُراثر اور معنی خیز پوسٹ ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق نیویارک میں مقیم تریشلا دت، جو ایک ماہرِ نفسیات بھی ہیں، نے پیر کو اپنی انسٹاگرام سٹوری پر ایک نوٹ شیئر کیا جس میں انہوں نے ذہنی صحت کو خاندانی ساکھ پر ترجیح دینے کی بات کی۔ اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی کہ آیا یہ ایک عمومی پیغام تھا یا وہ اپنے ذاتی خاندانی تجربات کی جانب اشارہ کر رہی ہیں۔

اگرچہ اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی، لیکن ماضی میں تریشلا اپنے والد کے ساتھ اپنے رشتے کے بارے میں بات کر چکی ہیں۔

سنہ 2013 میں ’ایچ ٹی سٹی‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں تشلا دت نے اپنے بچپن کے چیلنجز پر روشنی ڈالی تھی۔ اس وقت ان کے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی خبریں گردش میں تھیں، تاہم بعد ازاں سنجے دت نے خود انکشاف کیا تھا کہ تریشلا نے اداکاری کے میدان میں آنے کا ارادہ ترک کر دیا ہے۔

تریشلا نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’مجھے بچپن میں بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور آج بھی روزانہ نئے چیلنجز سامنے آتے ہیں، لیکن میں ہمیشہ انہیں حل کرنے کا راستہ تلاش کر لیتی ہوں۔ دیگر سٹار کڈز کی طرح میرے پاس یہ سہولت نہیں کہ ماں یا باپ ہر قدم پر مدد کریں۔ میرے والد کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں کہ وہ میرے لیے فون کال کریں یا کسی سے سفارش کروا دیں۔ سب کچھ مجھے خود ہی کرنا پڑتا ہے، اور یہ واقعی مشکل ہوتا ہے۔‘

تریشلا، سنجے دت اور ان کی پہلی اہلیہ رچا شرما کی بیٹی ہیں۔ (فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز)انہوں نے مزید کہا کہ ’پھر میں شاہ رخ خان جیسے لوگوں کو دیکھتی ہوں، جنہوں نے بغیر کسی فلمی پس منظر، تعلقات یا سہارے کے سب کچھ خود حاصل کیا۔ ان کے پاس کامیابی کا جنون تھا اور ٹیلنٹ بھی۔ اگر وہ ایسا کر سکتے ہیں تو میں بھی کر سکتی ہوں۔ انسان جو چاہے حاصل کر سکتا ہے، اگر وہ دل سے چاہے۔‘

تریشلا، سنجے دت اور ان کی پہلی اہلیہ رچا شرما کی بیٹی ہیں۔ رچا شرما سنہ 1996 میں چل بسی تھی، جس کے بعد تریشلا کو امریکہ میں ان کے نانا نانی نے پالا۔ سنجے دت نے بعد میں ریا پلئی سے شادی کی لیکن یہ رشتہ زیادہ عرصے نہ چل سکا۔ سنہ 2008 میں ان کی شادی مانیتا دت سے ہو گئی اور ان کے دو جڑواں بچے شاہران اور اقرا ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More