چارلی کرک کے قتل میں مطلوب ملزم ٹیلر رابنسن کی گرفتاری کیسے ہوئی؟

اردو نیوز  |  Sep 12, 2025

امریکی حکام نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے دائیں بازو کے ممتاز سیاسی کارکن چارلی کرک کے قتل میں مطلوب شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ گرفتاری اُس وقت ممکن ہوئی جب ملزم کے ایک قریبی رشتہ دار نے پولیس تک معلومات پہنچائیں، جس سے کئی گھنٹوں پر محیط تلاش اپنے ڈرامائی انجام تک پہنچی۔

یوٹاہ کے گورنر سپینسر کاکس نے جمعے کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے اُسے پکڑ لیا ہے۔‘

کاکس کے مطابق ملزم کی شناخت ٹیلر رابنسن کے طور پر کی گئی ہے، جسے اُس وقت گرفتار کیا گیا جب اس کے ایک رشتہ دار نے ایک دوست کو اطلاع دی، جس نے آگے جا کر پولیس سے رابطہ کیا۔

یہ گرفتاری بدھ کو ہونے والے اس سیاسی قتل، جس نے پہلے سے تقسیم شدہ ملک میں ہلچل مچا دی تھی، کے بعد ایک امید کی کرن سمجھی جا رہی ہے

31 سالہ چارلی کرک کو اُس وقت ایک گولی گردن میں لگی جب وہ یوٹاہ ویلی یونیورسٹی میں ایک بڑے ہجوم سے خطاب کر رہے تھے۔

کرک امریکہ کے دائیں بازو میں ایک مقبول شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے، اور انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو نوجوان ووٹروں کی بڑی حمایت حاصل کرنے میں مدد دی تھی۔

صدر ٹرمپ نے اس قتل کو فوراً قومی اہمیت کا معاملہ قرار دیا، قومی پرچم سرنگوں کرنے کا حکم دیا اور کرک کے جنازے میں شرکت کا اعلان کیا۔

کرک کے نسل، صنف، اسلحے کے حق اور بعض حلقوں کے مطابق ان کی یہود مخالف سوچ جیسے سخت گیر نظریات نے انہیں ایک متنازع شخصیت بنا دیا تھا، تاہم ناقدین بھی ان کے مباحثے کے جذبے کو سراہتے تھے۔

چارلی کرک امریکہ کے دائیں بازو میں ایک مقبول شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)اگرچہ حکام نے ملزم کے محرکات کے بارے میں کوئی حتمی بات نہیں کی، لیکن گورنر کاکس کے مطابق جائے واردات سے ملی دو گولیوں کے خالی خولوں پر اینٹی فاشسٹ نعرے درج تھے۔

ایک خول پر تحریر تھا ’او فاشسٹ! پکڑ!‘ جبکہ دوسرے پر ’بیلا چاؤ‘ لکھا تھا، جو کہ دوسری جنگِ عظیم کے دور کی اطالوی اینٹی فاشسٹ تحریک کا گیت ہے۔

دیگر خولوں پر آن لائن گیمنگ کلچر سے تعلق رکھنے والے نشانات اور الفاظ بھی دیکھے گئے۔

گرفتاری کیسے عمل میں آئی؟امریکی حکام کو ٹیلر رابنسن کو گرفتار کرنے میں 33 گھنٹے لگے۔

چارلی کرک کے قتل کے بعد حکام نے جلد ہی مبینہ قتل میں استعمال ہونے والی رائفل برآمد کر لی، اور ایک نوجوان شخص کی تصاویر جاری کیں جس نے بیس بال کیپ اور عام لباس پہن رکھا تھا۔

تاہم ابتدائی طور پر دو افراد کو حراست میں لے کر بعد ازاں رہا کر دیا گیا کیونکہ ان کا کیس سے کوئی تعلق ثابت نہ ہو سکا، جس کے بعد پولیس اور ایف بی آئی کو تحقیقات میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

یوٹاہ کے گورنر سپینسر کاکس نے گرفتاری میں ملزم کے خاندان کی معاونت کو اہم قرار دیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)جمعرات کی رات دیر گئے اورم کے حکام نے مشتبہ شخص کے لباس اور واردات کے بعد ابتدائی نقل و حرکت کی مزید تفصیلات جاری کیں، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ شناخت میں مدد کریں۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بتایا کہ گرفتاری جمعرات کی رات 10 بجے عمل میں آئی۔ جبکہ یوٹاہ کے گورنر سپینسر کاکس نے گرفتاری میں ملزم کے خاندان کی معاونت کو اہم قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’11 ستمبر کی شام رابنسن کے ایک رشتے دار نے اپنے ایک دوست کے ذریعے مقامی شیرف آفس سے رابطہ کیا اور بتایا کہ رابنسن نے قتل کا اعتراف کیا ہے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More