کے پی حکومت کا پی ٹی آئی ایم پی ایز کیلئے 50 کروڑ کے فنڈز کا اعلان

ہماری ویب  |  Sep 20, 2025

حکومت خیبر پختونخوا نے پاکستان تحریک انصاف کے منتخب اور غیر منتخب نمائندوں کے لیے بڑے ترقیاتی فنڈز مختص کر دیے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے پارٹی کے ممبران صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 50 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے اپنی اپنی ضلعی انتظامیہ کے پاس جمع کرائیں تاکہ انہیں متعلقہ فورمز سے منظور کرایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے تناظر میں کیا گیا، جس میں وعدہ کیا گیا تھا کہ رواں مالی سال میں اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دیے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق جن حلقوں سے پی ٹی آئی کو شکست ہوئی اور اپوزیشن کے اراکین منتخب ہوئے ہیں وہاں کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ ان حلقوں کے ہارے ہوئے پی ٹی آئی امیدواروں کو 15 کروڑ روپے کے منصوبے جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اسی طرح پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی کو 10 کروڑ روپے جبکہ ہارنے والے قومی اسمبلی کے امیدواروں کو 5 کروڑ روپے کے منصوبے تجویز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تحصیل چیئرمین کے لیے 5 کروڑ روپے اور سٹی میئر کے لیے 10 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More