میئر کراچی کے نشتر برسانے پر اپوزیشن لیڈر کا ترکی بہ ترکی جواب، ماحول گرم

ہماری ویب  |  Sep 23, 2025

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ کی جانب سے ترکی بہ ترکی جواب دینے پر سیاسی ماحول میں گرما گرمی پیدا ہوگئی ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہم شہزادہ محمد بن سلمان کے اعتماد پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل یوٹیلٹی ٹیکس کے ذریعے شہر کے وسائل بہتر ہوئے مگر مخالفین چاہتے ہیں کہ کراچی میں ترقیاتی عمل رک جائے۔

پریس کانفرنس کے دوران مرتضیٰ وہاب نے دو ٹوک کہا کہ اب وقت آگیا ہے منافقت اور نکمے پن کا احتساب کیا جائے اور عوام کو اصل حقائق بتائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ہی اصل سیاست ہے، شہر کو ترقی سے روکنے والوں کو اب جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نہیں چاہتے کہ شہر میں ترقیاتی کام ہوں، یہ خود کچھ نہیں کرتے اور دوسروں کو بھی روکتے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ سندھ حکومت نے جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کو 27 ارب روپے دیے، صرف روڈ کٹنگ کی مد میں 14 ارب روپے حاصل کیے گئے مگر سڑکوں کی مرمت نہ ہوسکی۔

دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کے 3560 ارب ہڑپ کرگئی، مرتضیٰ وہاب اس کا جواب دیں، مرتضیٰ وہاب تہذیب کا دامن چھوڑ کر اپنی اصلیت ظاہر کر رہے ہیں، وہ اپنی ناکامیاں جماعت اسلامی پر تنقید کرکے نہیں چھپا سکتے۔

سیف الدین نے کہا کہ کراچی کے شہری پیپلز پارٹی سے نجات کی دعائیں کر رہے ہیں، کراچی کی تباہی میں مرتضیٰ وہاب کا بڑا حصہ ہے، مرتضیٰ وہاب حب نہر اور شاہراہ بھٹو میں کرپشن کا جواب دیں، 9 ٹاؤنز کو OZT وفاقی حکومت دیتی ہے جو ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ ہوتی ہے، صوبائی حکومت ٹاؤن اور یوسی کو ایک پیسہ ترقیاتی فنڈ نہیں دیتی۔

سیف الدین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے کسی ایک ٹاؤن میں بھی ایک روپے کا اضافی ٹیکس جمع نہیں کیا جاتا، ٹیکس میں ناجائز اضافہ مرتضیٰ وہاب اور ان کی پارٹی کا شیوہ ہے، مرتضیٰ وہاب کو پارک میں کمرشل سرگرمیوں کے نام پر دھندہ چوپٹ ہونے کا غم ہے، مرتضیٰ وہاب کی مثال "کھسیانی بلی کھمبا نوچے" کی ہے، مرتضیٰ وہاب جواب دیں کہ کیوں رات گئے افسران کے تبادلے کرنا پڑتے ہیں، مرتضیٰ وہاب کی نااہلی سے کراچی ہر روز تباہی کی طرف گامزن ہے، مرتضیٰ وہاب بتائیں یونیورسٹی روڈ، کریم آباد انڈر پاس اور دیگر سڑکیں کب بنیں گی؟ کراچی میں پانی، سیوریج اور کچرے کی بدترین صورتحال کا جواب بھی دیں، مرتضیٰ وہاب بتائیں کہ کے ایم سی کی بنائی ہوئی سڑکیں دوسرے دن ہی کیوں ٹوٹتی ہیں؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے ایم سی اور سندھ حکومت کے کاموں کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More