ایشیا کپ ٹی20 کے فائنل میچ میں انڈیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
اتوار کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں انڈیا نے 147 رنز کا ہدف 20ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
پاکستان بیٹنگ لائن کے بعد بولنگ بھی ناکام ہو گئی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی کے علاوہ کوئی بھی اچھی پرفارمنس نہ دکھا سکا۔
حارث رؤف کی ناقص بولنگ نے انڈیا کی جیت کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے 3.4 اوورز میں 50 رنز دیے اور کوئی بھی وکٹ حاصل نہیں کی۔
انڈیا کی جانب سے تلک ورما 69 اور شیوم دوبے 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اس سے قبل انڈیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 20ویں اوور میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کے تین بیٹرز صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ پانچ کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔
انڈیا کی اننگز
انڈیا نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ ابھیشیک شرما کی صورت میں دوسرے اوور کی پہلی گیند پر گری، انہوں نے پانچ رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر حارث رؤف کو کیچ تھمایا۔
اس کے بعد ون ڈاؤن کریز پر اترنے والے سوریا کمار یادیو بھی زیادہ دیر تک نہ ٹک سکے، انہوں نے صرف دو رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سلمان علی آغا کو کیچ تھمایا۔
اوپنر شبمن گل 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سنجو سیمسن 24، شیوم دوبے 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تلک ورما 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اور تین چوکے شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین جبکہ شاہین آفریدی اور ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تلک ورما نے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)پاکستان کی اننگز
پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان کریز پر اترے۔
دونوں بیٹرز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے ٹیم کا مجموعی سکور 84 تک پہنچایا۔
پاکستان کو پہلا نقصان صاحبزادہ فرحان کی صورت میں 10ویں اوور میں ہوا، وہ تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ورون چکرویدی کا شکار بنے۔
ون ڈاؤن آنے والے صائم ایوب ایک مرتبہ پھر کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، وہ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حارث صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر فخر زمان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے، وہ 15ویں اوور میں ورون چکرویدی کا شکار بنے۔
اس کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن فلاپ ہو گئی اور پاکستانی بیٹرز یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے۔ حسین طلعت ایک، کپتان سلمان علی آغا آٹھ، شاہین شاہ آفریدی صفر، فہیم اشرف صفر، حارث رؤف چھ، محمد نواز چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ابرار احمد ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
صاحبزادہ فرحان 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادیو نے چار جبکہ جسپریت بمراہ، ورون چکرویدی اور اکسر پٹیل نے دو دو وکٹیں حاصل کی۔
رواں ایونٹ میں انڈیا ناقابل شکست تھا اور پاکستان کو بھی گروپ اور سپر فور مرحلے کے میچز میں شکست دے چکا تھا۔
دوسری جانب پاکستان نے گروپ میچز مرحلے میں متحدہ عرب امارات اور اومان کی ٹیموں کو ہرایا جبکہ سپر فور مرحلے میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کو شکست دی۔
اس میچ میں انڈیا کی پلیئنگ الیون میں ہارتک پانڈیا شامل نہیں تھے، ان کی جگہ رنکو سنگھ کو موقع دیا گیا تھا۔پاکستان کی پلیئنگ الیوناس میچ میں سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، حسین طلعت، محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد پاکستان کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔انڈیا کی پلیئنگ الیوناس میچ میں ابھشیک شرما، شبمن گل، سوریا کمار یادیو (کپتان)، تلک ورما، سنجو سیمسن، شیوم دوبے، رنکو سنگھ، اکسر پٹیل، کلدیپ یادیو، ورون چکرویدی اور جسپریت بمراہ انڈیا کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔