غزہ کے مظلوموں کی امید، فلوٹیلا چار دن میں پہنچے گا

ہماری ویب  |  Sep 30, 2025

غزہ کے محصور عوام کے لیے انسانی امداد لے کر جانے والا غیر ملکی امدادی قافلہ گلوبل صمود فلوٹیلا نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ چار روز میں غزہ پہنچ جائے گا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تنظیم کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باوجود ان کے مشن میں کسی بڑی تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ فلوٹیلا میں شامل 47 جہاز غزہ کی جانب روانہ ہیں جن کا مقصد اسرائیلی محاصرہ توڑ کر محصور فلسطینیوں کو فوری انسانی امداد فراہم کرنا ہے۔

دوسری جانب امریکی اپوزیشن سینیٹرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے فلوٹیلا کو تحفظ دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے چار سینیٹرز ایڈ مارکی، ایلزبتھ وارن، کرس وان ہولن اور جیف مرکلی نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو خط لکھا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ فلوٹیلا اس وقت بحیرہ روم میں موجود ہے اور اسے ڈرون حملوں اور دیگر دشمنانہ اقدامات کا سامنا ہے۔ سینیٹرز نے زور دیا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت کو پرامن امدادی قافلے کے خلاف کسی بھی قسم کی طاقت کے استعمال سے روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے تحت فلوٹیلا پر موجود افراد کو مکمل تحفظ حاصل ہے لہٰذا امریکی حکومت کو ان کی حفاظت یقینی بنانی چاہیے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More