بھارتی عسکری قیادت کا جنگی جنون عروج پر، پاکستان کے خلاف گیدڑ بھپکیاں

ہماری ویب  |  Oct 04, 2025

جنگی جنون میں مبتلا بھارتی عسکری قیادت ایک بار پھر پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگی۔ بھارتی آرمی چیف جنرل اُپندر دویدی نے اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان دنیا کے نقشے پر رہنا چاہتا ہے تو دہشتگردی کی حمایت بند کرے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جنرل دویدی نے راجستھان میں فوجی جوانوں سے خطاب کے دوران کہا کہ آپریشن سندور میں بھارتی فوج نے جس صبر و ضبط کا مظاہرہ کیا وہ آئندہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے فوجیوں کو کسی بھی ممکنہ ایکشن کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی دی۔

دوسری جانب بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے بھی ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ مئی میں ہونے والے پاک بھارت تنازع کے دوران بھارت نے پاکستان کے 5 لڑاکا طیارے تباہ کیے جن میں ایف-16 اور جے ایف-17 تھنڈر شامل ہیں۔

تاہم جب صحافیوں نے ان سے بھارت کے اپنے طیارے گرائے جانے کے حوالے سے سوال کیا تو بھارتی ائیر چیف نے کوئی جواب نہ دیا۔ یاد رہے کہ مئی 6 اور 7 کی درمیانی شب بھارتی طیاروں نے پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملے کیے تھے جن کے نتیجے میں متعدد شہری شہید ہوئے۔

پاک فضائیہ نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 7 لڑاکا طیارے تباہ کیے جن میں جدید رافیل اور مگ-29 طیارے شامل تھے۔ بعد ازاں بھارت نے پاکستان کے شہری علاقوں پر ڈرون اور میزائل حملے کیے جن کے جواب میں پاکستان نے آپریشن "بنیان مرصوص" کے تحت بھارتی فضائی اڈوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

معرکۂ حق میں بدترین شکست کے بعد بھارت اب تک حواس باختہ ہے۔بھارتی ایئرچیف نے جنگ کے 150 دن بعد مضحکہ خیز دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے وہ طیارے بھی مار گرائے جو جنگ میں اڑے ہی نہیں تھے۔

پاکستانی فضائیہ کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ حتیٰ کہ اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اعتراف کیا تھا کہ بھارت کے 7 طیارے مار گرائے گئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More