سال کا پہلا سپر مون دیکھنے والوں کا انتظار ختم ہونے کے قریب

ہماری ویب  |  Oct 05, 2025

پاکستانی خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے (سپارکو) کے مطابق، 7 اکتوبر 2025ء کی رات آسمان پر سال 2025ء کے تین سُپر مُونز میں سے پہلا سُپر مُون نظر آئے گا۔

ترجمان سپارکو نے بتایا کہ یہ دلکش فلکی مظہر رات 8 بج کر 47 منٹ پر (پاکستان معیاری وقت) کے مطابق اپنے عروج پر ہوگا۔ ترجمان کے مطابق، اکتوبر کا یہ سُپر مُون سورج غروب ہونے کے فوراً بعد مشرقی افق سے طلوع ہوگا اور طلوعِ آفتاب سے کچھ دیر پہلے مغربی افق پر غروب ہوجائے گا۔ عوام ملک بھر میں صاف موسم کی صورت میں اس منظر کو ننگی آنکھ سے بآسانی دیکھ سکیں گے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق، یہ چاند عام مکمل چاند کے مقابلے میں تقریباً 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔ سُپر مُون اس وقت بنتا ہے جب چاند اپنی بیضوی مدار میں زمین کے سب سے قریب نقطے پر آجاتا ہے، جس سے وہ نسبتاً بڑا اور زیادہ چمکدار دکھائی دیتا ہے۔

سپارکو ترجمان نے مزید بتایا کہ سال 2025ء کا سب سے روشن سُپر مُون نومبر میں متوقع ہے، جو سال کے اختتام سے قبل فلک بین حضرات کے لیے ایک اور شاندار موقع فراہم کرے گا۔

فلکیاتی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رات کے اوقات میں کھلی فضا والے مقامات پر جا کر اس نایاب منظر سے لطف اندوز ہوں کیونکہ ایسا نظارہ ہر سال محض چند بار ہی ممکن ہوتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More