Getty Imagesصائم ایوب نے 71 رنز کی اننگز کھیلی
پاکستان نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقہ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔
جمعے کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 111 رنز کا ہدف دیا تھا، جو کہ گرین شرٹس نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا، فہیم اشرف اور صائم ایوب نے ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔
پاکستان نے میچ کے پہلے ہی اوور سے جنوبی افریقہ کی ٹیم پر دباؤ بنا کر رکھا اور کسی بھی بیٹر کو کریز پر زیادہ دیر تک رُکنے نہیں دیا۔
ڈیوالڈ بریوس 25 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے جنوبی افریقی بیٹر رہے اور ان کے علاوہ جنوبی افریقہ کا کوئی بھی بیٹر 20 کا ہندسہ نہیں چھو سکا۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے انتہائی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور چار اوورز میں صرف 14 رنز دے کر تین جنوبی افریقی بلےبازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
Getty Imagesسلمان مرزا نے صرف 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں
ان کے علاوہ فہیم اشرف وہ بولر تھے جنھوں نے 23 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ نے دو اور ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا ہدف 14ویں اوور میں آسانی سے صائم ایوب کی برق رفتار بیٹنگ کے سبب حاصل کر لیا۔
انھوں نے 38 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان نے 23 گیندوں پر 28 رنز بنائے اور کوربن بوش کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم کیا واپس ’ڈرائنگ بورڈ‘ پر جائیں گے؟بابر اعظم صفر پر آؤٹ اور پاکستانی بیٹنگ میں 55 ڈاٹ گیندیں: ’اب آپ کا دفاع کرنا مشکل ہو گیا ہے‘قانونی نوٹس پھاڑنے کے بعد ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے ’رنجشیں دور کرنے کے لیے‘ محسن نقوی کو خط لکھ دیالاکھوں مالیت کی کلیکشن، انڈین فینز اور روبک کیوب حل کرنے کا جنون: گوجرانوالہ کے یوٹیوبر نے ایک ویڈیو کی آمدن سے گاڑی خریدی
بابر اعظم نے 18 گیندوں پر 11 رنز بنائے۔ آج کے میچ کے بعد وہ ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر پاکستانی کھلاڑیوں کی تعریفیں
پاکستان کی طرف سے سلمان مرزا کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ کھلایا گیا تھا اور وہ اپنے کیریئر کا چھٹا ٹی 20 میچ کھیل رہے تھے۔ چار اوورز میں صرف 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے پر انھیں صارفین داد دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
کرکٹ کمنٹیٹر عاطف نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ سلمان مرزا 'دونوں طرف بال کو گھما رہے ہیں، رفتار میں بھی تبدیلی کر رہے ہیں۔ یہ حقیقی طور پر باصلاحیت فاسٹ بولنگ کا مظاہرہ ہے۔'
ایک اور صارف نے لکھا کہ 'پاکستان سلمان مرزا کی اچھی بولنگ کی وجہ سے میچ جیت گیا۔ یاد رہے پچھلے میچ میں نہ صرف بیٹنگ گندی ہوئی تھی بلکہ ہمارے بولرز کی بھی خوب دھلائی ہوئی تھی۔'
سوشل میڈیا صارفین فہیم اشرف کی بولنگ سے بھی بہت خوش نظر آئے۔
ارفہ فیروز نامی صارف نے لکھا کہ 'فہیم اشرف کی قدر فہیم اشرف کے جانے کے بعد آئے گی، کیونکہ صلاحیتوں کے اعتبار سے فہیم اشرف تینوں فارمیٹس کے آلراؤنڈر ہیں۔'
Getty Images
38 گیندوں پر 71 رنز بنانے والے صائم ایوب بھی اس وقت سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں اور تجزیوں کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
ثاقب حسین نے لکھا کہ 'صائم ایوب کو فارم میں دیکھ کر خوشی ہوئی۔ میں انھیں کم از کم ایک دہائی تک کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں۔'
شاہد ہاشمی نے لکھا کہ: 'یہ ہیں وہ صائم ایوب جنھیں ہم جانتے ہیں اور جو پاکستان کو ٹی 20 میں چاہیے۔'
بابر اعظم کا ریکارڈ
بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں 18 گیندوں پر 11 رنز بنائے اور وہ اس کے ساتھ ہی ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
بابر اعظم اب تک اپنے کیریئر میں 4 ہزار 232 رنز بنا چکے ہیں، جبکہ دوسرے نمبر پر 4 ہزار 231 رنز بناکر روہت شرما ہیں اور وراٹ کوہلی 4 ہزار 188 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔
عبداللہ نامی صارف نے لکھا کہ 'آپ بابر اعظم سے متعدد چیزوں پر اختلاف کر سکتے ہیں لیکن اس بات کی تردید نہیں کر سکتے کہ انھوں نے پاکستان کی عزت بڑھائی ہے۔'
خیال رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ سنیچر کو کھیلا جائے گا۔
انڈین بلے باز شریاس ایئر کی ’تلی کی چوٹ‘ کتنی خطرناک ہے اور کیا اس عضو کے بغیر زندہ رہنا ممکن ہے؟نعمان علی: سانگھڑ کا ’فاسٹ بولر‘ جو پاکستان کے سپن اٹیک کا ’اٹوٹ انگ‘ بن گیاشبھمن گل سے مصافحے کی کوشش اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ: ’کاش نعرے میچ جتوا سکتے‘’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘: 80 اوورز کے میچ میں دو، دو اننگز، ’ایک دن کا ٹیسٹ میچ بھی کیسا ٹیسٹ ہو گا‘پاکستانی اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر تاحیات پابندی کیوں لگائی گئی؟