FlightRadar24
گذشتہ دو ہفتے سے ایران اور خلیج کے آسمان پر میزائل اور ڈرونز کی حکمرانی ہے۔ ایسے میں ایئر ٹریفک کنٹرولرز مسافر طیاروں کو جنگ سے بچاتے ہوئے محفوظ مگر بھیڑ والے فضائی راستوں سے گزار رہے ہیں۔
فلائٹ ٹریکر کے نقشے پر ایک نظر ڈالنے سے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ مصر اور جارجیا کس قدر مصروف ہو چکے ہیں۔
ساتھ ساتھ بیٹھے ہوئے کنٹرولرز میں سے ہر ایک نقشے کے مختلف حصوں کی نگرانی کرتا ہے، اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر یہ طے کرتا ہے کہ کون سے طیارے ان کی فضائی حدود میں داخل ہو رہے ہیں اور کون سے نکل رہے ہیں۔
عام دنوں میں ایک کنٹرولر ایک وقت میں اپنے علاقے میں چھ طیاروں کو سنبھالتا ہے۔ لیکن جنگ کے دوران یہ تعداد اس سے دگنی بھی ہو سکتی ہے۔
Getty Images
ریٹائرڈ ایئر ٹریفک کنٹرولر برائن روچ کہتے ہیں کہ ’ایسی صورتحال میں دماغ صرف 20 سے 30 منٹ ہی یکسوئی برقرار رکھ سکتا ہے۔‘
انھوں نے یہ کام 18 سال تک کیا، پہلے مختلف ممالک میں رائل ایئر فورس کے لیے اور پھر لندن میں مسافر طیاروں کے لیے، جہاں وہ ایسے یونٹ کا حصہ تھے جس کی ذمہ داری ہنگامی صورتحال میں موصول ہونے والی کالز کو سنبھالنا تھی۔
امریکہ کی عراق میں اپنے فوجی طیارے کی تباہی میں چھ ہلاکتوں کی تصدیق: ’KC135‘ کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟کویت میں تین امریکی لڑاکا طیارے کس نے اور کیسے تباہ کیے؟سخوئی لڑاکا طیارے کا حادثہ، پاکستان کے خلاف آپریشن میں شامل پائلٹ کی ہلاکت اور انڈین فضائیہ کو درپیش مشکلطیاروں کی تباہی کے بڑھتے واقعات، انڈیا کا بڑی فوجی طاقت بننے کا خواب کیسے متاثر کر رہے ہیں؟
مصروف اوقات میں جب طیاروں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو انھیں سنبھالنے کے لیے مزید کنٹرولرز کو بلایا جاتا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ ایک کنٹرولر پر کام کا بہت زیادہ دباؤ نہ پڑے۔
روچ کے مطابق، عام طور پر 45 سے 60 منٹ تک کام کی شفٹ کے بعد 20 سے 30 منٹ کا وقفہ دیا جاتا ہے۔ لیکن جب کسی بھی کشیدہ صورتحال کی وجہ سے ٹریفک بہت زیادہ بڑھ جائے تو ممکنہ طور پر وہ صرف 20 منٹ کام کرتے ہیں اور پھر اتنی ہی دیر کا وقفہ لیتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ’اس وقت کنٹرولرز ناقابلِ یقین حد تک طویل شفٹیں کر رہے ہیں اور ناقابلِ یقین حد تک زیادہ ٹریفک کو سنبھال رہے ہیں۔‘
تنازعات کی وجہ سے مسافر طیاروں کے راستوں پر کیا اثر پڑتا ہے، اس کی ایک مثال یہ ہے جب سنہ 2014میں مشرقی یوکرین میں روسی ساختہ میزائل نے ملائیشیا ایئرلائنز کی پرواز کو مار گرایا تھا اور طیارے میں سوار تمام 298 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔
اُس وقت یوکرین کی حدود میں تنازع کی شدت کم تھی لیکن حالیہ دنوں میں لڑائی کا فضا تک پھیل جانا اور فوجی طیاروں کا گرنا ایسا منظر ہے جسے دیکھنے کی خواہش کوئی نہیں رکھتا۔
گذشتہ ہفتے امریکی عملے کے چھ ارکان اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کا ایندھن بھرنے والا طیارہ مغربی عراق میں گر کر تباہ ہو گیا۔
یہ ایندھن بردار طیارہ ایران کے خلاف جاری امریکی کارروائیوں کا حصہ تھا اور اس واقعے میں شامل دو طیاروں میں سے ایک تھا۔ دوسرا طیارہ بحفاظت اتر گیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے تصدیق کی کہ حادثہ نہ تو دشمن کی فائرنگ کا نتیجہ تھا اور نہ ہی دوست فوج کی۔
جب فضائی حدود اچانک بند ہو جائے یا بہت زیادہ مصروف ہو جائے تو کنٹرولرز پائلٹس سے رابطہ کرتے ہیں کہ انھیں کہاں جانا ہے، ان کے پاس کتنا ایندھن ہے اور ان کے طیارے کو کون سے ہوائی اڈے سنبھال سکتے ہیں۔
ہر طیارے کی جسامت مختلف ہوتی ہے اور کنٹرولرز کو یہ بھی یقینی بنانا ہوتا ہے کہ تمام طیارے ایک دوسرے سے محفوظ فاصلے پر رہیں کیونکہ بڑے مسافر طیارے اپنے قریب پرواز کرنے والے طیاروں کے لیے شدید ہوا کے دباؤ اور عدم توازن کا باعث بنتے ہیں۔
اس کا مطلب ہے کہ چھوٹے طیاروں کو بڑے طیاروں سے ایک محفوظ فاصلے پر رکھنا پڑتا ہے۔ اور اگر کوئی چھوٹا بزنس جیٹ ہے تو ہو سکتا ہے اسے بالکل ہی مختلف راستے پر ڈالنا پڑے۔
AFPایئر ٹریفک کنٹرولرز اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ تمام طیارے محفوظ فاصلے پر رہیں اور فضائی سفر منظم رہے
جان 20 سال سے پائلٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ فضائی حدود اچانک بند کر دی جائیں۔ وہ اپنا اصل نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے کیونکہ وہ اب بھی پائلٹ کے طور پر کام کرتے ہیں اور مشرق وسطیٰ کے اوپر سے گزرنے والے راستوں پر پرواز کرتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ زیادہ تر ایئرلائنز پہلے سے منصوبہ بندی کر لیتی ہیں کہ کب انھیں کسی مخصوص فضائی حدود سے گریز کرنا ہے، وجہ چاہے خراب موسم ہو یا پھر جنگ۔
جان کہتے ہیں: ’اس معاملے میں ہم سب جانتے تھے کہ مشرق وسطیٰ میں کچھ نہ کچھ ہونے والا ہے۔ سوال یہ نہیں تھا کہ کچھ ہو گا یا نہیں ہو گا، بلکہ سوال یہ تھا کہ کب ہو گا۔‘
تنازع سے بچنے کے لیے متبادل پروازوں کے منصوبوں سے آگاہ ہونے کے ساتھ ساتھ، پائلٹس یہ کوشش بھی کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ ایندھن ساتھ رکھیں تاکہ اگر انھیں واپسی کی پرواز کرنی پڑے یا اپنی اصل منزل سے زیادہ دور کسی ہوائی اڈے پر اترنا پڑے تو وہ ایسا کر سکیں۔
جان کہتے ہیں کہ ’ایسا کرنا ایک معمول کا حصہ ہوتا ہے اور اس کی تربیت دی گئی ہوتی ہے۔‘
وہ اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ پائلٹس اور کنٹرولرز طریقہ کار پر سختی سے عمل کرتے ہیں تاکہ فضائی حدود اگر بہت زیادہ مصروف ہو جائے تو بھی صورتحال ان کے قابو میں رہے۔
BBC
ہنّا طویل فاصلے کی پروازوں میں کیبن کریو کی مدد کرتی ہیں۔ ہم ان کا اصل نام استعمال نہیں کر رہے کیونکہ انھیں اپنی ایئرلائن کی جانب سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
ہنّا جن راستوں پر پرواز کرتی ہیں وہ اکثر مشرق وسطیٰ سے گزرتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ تنازع کے اوقات میں جہاز پر موجود ان کی ٹیم کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے، ’خاص طور پر گھبرائے ہوئے یا ناراض مسافروں کے لیے۔‘
وہ کہتی ہیں کہ ’یہ تصور بہت گھسا پٹا ہے کہ کیبن کریو کا کام مسافروں سے بس یہ پوچھنا ہے کہ انھیں کھانے میں چکن چاہیے یا بیف۔ ہمارا کام اس سے کہیں زیادہ ہے۔‘
ان کے مطابق: ’بہت سے لوگ بھول جاتے ہیں کہ ہمارے کام کا ایک پہلو مسافروں کی حفاظت کرنا بھی ہے۔ کھانا پیش کرنا تو وہ کام ہے جو ہم تب کرتے ہیں جب باقی سب کچھ قابو میں ہو۔‘
ہنّا کے مطابق جب پروازوں کی منزل تبدیل کر دی جاتی ہے اور شیڈول بکھر جاتا ہے تو اس سے پائلٹس اور کیبن کریو دونوں ہی متاثر ہوتے ہیں۔ ایسا ہونے سے کام اور زندگی کا صحت مندانہ توازن برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
حال ہی میں ان کی ایئرلائن سمیت کئی ایئرلائنز نے اپنے راستوں میں مزید سٹاپ شامل کیے ہیں کیونکہ وہ ایران کے اوپر سے سیدھا نہیں گزر سکتیں۔
تاہم وہ سمجھتی ہیں کہ کام کا اس نوعیت کا بوجھ ان کے پیشے کا حصہ ہے۔
ہنّا کا کہنا ہے کہ ’کیبن کریو کے طور پر ہم سب خود کو ایک بڑے خاندان کا حصہ محسوس کرتے ہیں۔‘
پی کے 8303 کی تباہی: ’کپتان چیخا مے ڈے، مے ڈے، طیارہ مڑا مگر پائلٹس کو اندازہ ہو چکا تھا کہ رن وے تک پہنچنا ممکن نہیں‘ایئر انڈیا حادثے کی ابتدائی رپورٹ، فیول سوئچ بند ہونے کا معمہ اور اہم معلومات کی عدم دستیابی جو قیاس آرائیوں کو جنم دے رہی ہےحد نگاہ میں کمی یا لینڈنگ میں پائلٹ کی غلطی، انڈیا میں طیارہ حادثہ جس نے کئی سوالات جنم دیےمسلسل میزائل و ڈرون حملے اور معاشی دباؤ: کیا ایران نے امریکہ و اسرائیل کو طویل جنگ میں پھنسا دیا ہے؟کیمروں کی ہیکنگ، مواصلاتی نظام کی جیمنگ اور ڈیجیٹل جاسوسی: ایران جنگ میں سائبر حملوں نے کیا کردار ادا کیا؟ایران میں پھنسے پاکستانی ملاح: ’وہ پورٹ سے نکل ہی رہے تھے کہ دو میزائل حملے ہوئے‘