پیغمبر اسلام نے پہلی بار قربانی کے لیے کون سا جانور چنا تھا؟

بی بی سی اردو  |  May 28, 2026

مذہب اسلام کے مطابق جانوروں کی قربانی کی روایت انسانی تہذہب کے آغاز سے ہی شروع ہو چکی تھی یعنی حضرت آدم کی زندگی میں۔ تاہم اسلامی سکالرز کا کہنا ہے کہ آج اسلامی دنیا میں قربانی کی جو روایت موجود ہے اس کا تعلق حضرت ابراہیم کی جانب سے کی جانے والی قربانی کی تاریخ سے جڑا ہے۔

حضرت ابراہیم ، حضرت عیسیٰ کی پیدائش سے لگ بھگ 2100 سال پہلے عراق کے شہر ار میں پیدا ہوئے۔ تب وہاں نمو خاندان کی حکومت تھی جسے عربی میں نمرود کہا جاتا ہے۔

مسلمانوں کا ماننا ہے کہ خدا کے حکم پر حضرت ابراہیم نے خواب میں دیکھا کہ اُنھیں اللہ کی طرف سے ہدایت ہو رہی ہے کہ اِپنے بیٹے کو اپنے پروردگار کی خاطر قربان کر دیں جس کے بعد وہ حضرت اسماعیل کو مکہ میں عرفات کے مقام پر اسی مقصد کے لیے ساتھ لے کر گئے۔

تاہم اللہ نے حضرت ابراہیم کی اطاعت گزاری اور ان کے ایمان کی پختگی کو دیکھتے ہوئے اسماعیل کی جگہ ایک جانور کی قربانی قبول کی۔

اسی موقع کی مناسبت سے مسلمان دنیا بھر میں عید الحضحی مناتے ہیں اور جانوروں کی قربانی کرتے ہیں جس کا مقصد مقصد خدا کی شکر گزاری ہے۔

تاریخ سے علم ہوتا ہے کہ جانوروں کی قربانی کی روایت عرب دنیا میں بھی اسلام کے ظہور سے پہلے موجود تھی۔

ڈھاکہ یونیورسٹی میں اسلامی تاریخ کے شعبہ کے پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان کہتے ہیں کہ ’اس وقت جانوروں کو دیوی اور دیوتاوں کے لیے قربان کیا جاتا تھا۔ اور اسی لیے اگرچہ پیغمبر اسلام مکہ میں موجود تھے، انھوں نے اس روایت کو نہیں مانا اور وحی نازل ہونے کے بعد بھی کئی سال تک قربانی نہیں کی۔‘

تاریخ کے مطابق پہلی بار پیغمبر اسلام نے مدینہ پہنچنے کے بعد قربانی کی۔

حضرت ابراہیم کی ’بڑی آزمائش‘: قربانی کا تصور اسلام، یہودیت اور مسیحیت میںمکہ اور مدینہ میں آباد طاقتور یہودی اور مسیحی قبائل کا عروج و زوال: مسلمانوں کے مقدس ترین شہر اسلام سے قبل کیسے تھے؟جب بہادر شاہ ظفر نے مسلمان قصائیوں کے قتل کے بعد ذبیحے پر پابندی لگائی اور گائیوں کو قید کرنے کا حکم دیاانڈیا میں عید الاضحی پر بڑے جانوروں کے ذبیحے پر پابندیاں: ’قربانی نہ ہونے سے مسلمانوں کا اتنا نقصان نہیں جتنا کہ ہندو بھائیوں کا ہے‘پیغمبر اسلام نے پہلی بار عید الاضحی کب منائی؟

622 عیسوی میں پیغمبر اسلام مکہ چھوڑ کر مدینہ منتقل ہوئے جسے ’ہجرت‘ کہا جاتا ہے اور اسی سال سے اسلامی کیلنڈر کا آغاز ہوتا ہے۔

صحابی انس ابن مالک کے مطابق مدینہ پہنچنے کے بعد پیغمبر اسلام کو علم ہوا کہ مقامی باشندے سال میں دو تہوار مناتے ہیں جن میں سے ایک نوروز تھا۔

بنگلہ پیڈیا، جو بنگلہ دیش کا قومی انسائیکلوپیڈیا ہے، کے مطابق ان میں سے ایک تہوار خزاں میں جبکہ دوسرا موسم بہار کی آمد پر منایا جاتا تھا۔

پروفیسر عطا الرحمان کا کہنا ہے کہ ’ان دو تہواروں کی مناسبت سے مسلمانوں میں دو بڑے مذہبی، معاشرتی تہواروں کی روایت کا آغاز ہوا جن میں سے پہلا شوال کی یکم تاریخ کو عید الفطر کے نام سے منایا جاتا ہے اور دوسرا زی الحج میں عید الضحی ہے۔‘

اسلامی سکالرز کے مطابق عید الضحی پہلی بار دوسرے ہجری سال میں منائی گئی۔

مولانا قاضی ابو ہریرہ بنگلہ دیش میں قومی امام ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔ بی بی سی بنگلہ سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ تب پہلی بار پیغمبر اسلام نے بھی قربانی کی۔

اسلامی سکالرز کا کہنا ہے کہ پیغمبر اسلام کی جانب سے قربانی نے حضرت ابراہیم کی قربانی کی روایت کو ازسرنو زندہ کیا۔

اسلامی فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر ابو صالح کہتے ہیں کہ ’اسلام میں بہت سی روایات پیغمبروں سے ہی وابستہ ہیں مثال کے طور پر پہلے نماز مسجد الاقصی کی سمت میں پڑھی جاتی تھی لیکن بعد میں کعبہ کی جانب پڑھی جانے لگی۔ قربانی کا معاملہ بھی ایسا ہی ہے۔‘

پیغمبر اسلام نے پہلی قربانی کے لیے کون سا جانور چنا تھا؟

مسلمان عالم کہتے ہیں کہ متعدد احادیث میں یہ حوالہ موجود ہے کہ پیغمبر اسلام نے پہلی بار قربانی کے لیے کون سا جانور چنا تھا اور قربانی کیسے کی گئی۔

مولانا قاضی ابو ہریرہ کہتے ہیں کہ ’بخاری شریف کی حدیث، حضرت انس ابن مالک کے مطابق، پیغمبر اسلام دودنبوں کی جانب بڑھے اور اپنے ہاتھوں سے انھیں ذبح کیا۔‘

’ایک اور حدیث کے مطابق انس ابن مالک نے کہا کہ میں نے پیغمبر اسلام کو دو دنبے منتخب کرتے ہوئے دیکھا جن کے سینگھ تھے اور پھر انھوں نے اپنے ہاتھوں سے ان کو ذبح کیا۔‘

اسلامی فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر ابو صالح کہتے ہیں کہ ’پیغمبر اسلام ایک دنبہ اپنی جانب سے جبکہ دوسرا دنبہ امت کی جانب سے قربان کیا کرتے تھے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ قربانی کا عمل عید کی نماز کی ادائیگی کے بعد کیا جاتا تھا۔

اسلامی سکالرز کا کہنا ہے کہ پہلی قربانی کے بعد باقاعدگی سے پیغمبر اسلام یہ فریضہ سرانجام دیا کرتے تھے۔

اونٹ کی قربانی

اسلامی فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر ابو صالح کہتے ہیں کہ ’ترمذی شریف کی حدیث کے مطابق حضرت عبد اللہ ابن عمر نے کہا کہ ہجرت کے بعد پیغمبر اسلام دس سال مدینہ میں رہے اور دس سال قربانی کی۔‘

اسلامی سکالرز کے مطابق پیغمبر اسلام نے دنبے، بکری، اونٹ اور گائے کی قربانی بھی کی البتہ عام معمول دنبے کیقربانی کا تھا۔ ایک روایت میں ہے کہ پیغمبر اسلام نے سینگ والے دنبے کی قربانی کو سب سے افضل قرار دیا۔

مولانا قاضی ابو ہریرہ کہتے ہیں کہ ’پیغمبر اسلام ہمیشہ موٹا تازہ، سینگ والا، صحت مند اور خوبصورت جانور چنتے تھے۔‘

اسلامی سکالرز کا کہنا ہے کہ جب پیغمبر اسلام اور ان کے صحابہ حج یا عمرے کی ادائیگی کے لیے گئے تو وہ قربانی کے جانور اپنے ساتھ لے کر جاتے تھے۔

ڈھاکہ یونیورسٹی میں اسلامی تاریخ کے شعبہ کے پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان کہتے ہیں کہ 628 عیسوی میں پیغمبر اسلام عمرہ کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوئے تو وہ حدیبیہ میں ایک خیمے میں رکے جہاں صلح حدیبیہ پر دستخط ہوئے جس کے بعد انھوں نے اونٹ کی قربانی کی۔

’اس وقت ایک روایت اور بھی تھی اور وہ یہ کہ جانوروں پر نشان لگا کر انھیں مکہ کی سمت میں چھوڑ دیا جاتا تھا تاکہ یہ واضح رہے کہ یہ قربانی کے جانور ہیں۔‘

ڈاکٹر ابوصالح کہتے ہیں کہ ’جب فتح مکہ کے بعد پیغمبر اسلام نے حج ادا کیا تو تب بھی قربانی کی۔‘ ان کا کہنا ہے کہ تب پیغمبر اسلام نے سو اونٹوں کی قربانی کی تھی۔

ڈاکٹر ابو صالح کہتے ہیں کہ ان میں سے 63 پیغمبر اسلام نے خود ذبح کیے جبکہ باقی حضرت علی نے ذبح کیے۔

انڈیا میں عید الاضحی پر بڑے جانوروں کے ذبیحے پر پابندیاں: ’قربانی نہ ہونے سے مسلمانوں کا اتنا نقصان نہیں جتنا کہ ہندو بھائیوں کا ہے‘عید الاضحیٰ: گرم موسم اور ’اناڑی قصائیوں‘ کی وہ غلطیاں جو قربانی کے گوشت کو خراب اور بدبودار کر سکتی ہیںحضرت ابراہیم کی ’بڑی آزمائش‘: قربانی کا تصور اسلام، یہودیت اور مسیحیت میںمکہ اور مدینہ میں آباد طاقتور یہودی اور مسیحی قبائل کا عروج و زوال: مسلمانوں کے مقدس ترین شہر اسلام سے قبل کیسے تھے؟97 برس قبل جب شاہ عبدالعزیز بغیر کسی خون خرابے کے مملکتِ حجاز کے بادشاہ بنےخانہ کعبہ کا دو ہفتوں تک جاری رہنے والا محاصرہ اور سینکڑوں زائرین کی ہلاکت: 45 سال قبل عینی شاہدین نے مسجد الحرام میں کیا دیکھا؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More