گورنر سندھ عمران اسماعیل کا سندھ کی تقسیم پر بڑا بیان، ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات دور

سچ ٹی وی  |  Jan 15, 2020

ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے صوبے کی تقسیم سے متعلق اہم بیان دیا، انھوں نے کہا سندھ میں تقسیم کی ضرورت نہیں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں تقسیم نہیں ہونی چاہیے، جب تک عوام کی رائے نہ ہو سندھ کی تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان الگ جماعت ہے، اپنی رائے رکھنا ان کا حق ہے۔ سندھ کی تقسیم سے متعلق ایم کیو ایم پہلے بھی رائےدیتی رہی ہے، بطور جماعت ان کے تحفظات کو میں جائز سمجھتا ہوں، یہ حکومت سے الگ نہیں ہوئی صرف وزارت چھوڑی ہے، وزارت کا مسئلہ نہیں ہے، ایم کیو ایم پاکستان کو جلد نظر آ جائے گا کہ مسائل کے حل کے لیے ہم سنجیدہ ہیں۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وہ پیر صاحب پگارا کے ہاں کل دوپہر کے کھانے میں گئے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حلفاً کہہ رہا ہوں کسی کو منانے نہیں گیا تھا، پیر صاحب نے مجھے لنچ پر بلایا تھا۔ منایا انھیں جاتا ہے جو روٹھے ہوتے ہیں، جی ڈی اے نے مجھ سے ناراضی کا اظہار نہیں کیا۔

ایم کیو ایم پاکستان ہم سے ناراض ہے جس کا اظہار بھی وہ کرتے ہیں، جی ڈی اے ناراض نہیں، نہ ہی انھوں نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خاندان میں بھی کبھی بھی ناراضی ہو جاتی ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ سب سو فی صد خوش رہیں، اچھی بری باتیں ہوتی رہتی ہیں۔ خیال رہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی کو اپنے اتحادی جماعتوں کے ساتھ اختلافات اور ناراضی کا سامنا ہے، جسے دور کرنے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے ہدایات بھی جاری ہو چکی ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More