انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نےورلڈ کپ کوالیفائر ملتوی کردیئے

سماء نیوز  |  Mar 26, 2020

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ٹی 20 ورلڈ کپ 2021ء اور ون ڈے ورلڈ کپ 2023ء کے تمام کوالیفائنگ میچز ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کرونا وائرس نے اب تک دنیا بھر کے 200 کے قریب ممالک میں پھیل چکا ہے، انتہائی مہلک مرض 22 ہزار سے زائد لوگوں کی جان لے چکا ہے جبکہ اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر دنیا بھر میں جہاں معمول زندگی بری طرح متاثر ہیں وہیں کھیلوں کے مقابلے بھی ملتوی کئے جاچکے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر جولائی تک شیڈول تمام کوالیفائنگ میچز ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

یہ مقابلے کویت، جنوبی افریقا، نمیبیا، اسپین، پاپوا نیو گنی، بیلجیئم، ملائیشیا اور فن لینڈ میں منعقد ہونا تھے۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ممبر ممالک، متعلقہ حکومتوں اور عوامی صحت سے متعلق حکام کی تجاویز کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کا انعقاد اکتوبر نومبر 2021ء اور ون ڈے ورلڈ کپ 2023ء میں بھارت میں کھیلا جائے گا، رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ کے مقابلے آسٹریلیا میں ہوں گے، جہاں فروری مارچ میں خواتین کا مختصر ترین فارمیٹ کا عالمی مقابلہ منعقد ہوچکا ہے۔

کرونا وائرس کے باعث اگست میں ہونیوالا ٹوکیو اولمپکس ایک سال کیلئے ملتوی کیا جاچکا ہے جبکہ فٹبال کے بھی کئی علاقائی ایونٹس روک دیئے گئے ہیں۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ رواں سال کے باقی ایونٹس پر بھی غور کررہے ہیں جس سے مناسب وقت پر آگاہ کیا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی ٹور بھی ملتوی کردیا ہے، جو آئندہ ماہ سے شروع ہونا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More