پشاور، عامرتہکالی کیس میں دو ایس ایچ اوز گرفتار

سماء نیوز  |  Jun 30, 2020

پشاور پولیس نے عامر تہکالی تشدد کیس میں مبینہ طور ملوث 2 سابقہ ایس ایچ او ز کو بھی گرفتار کرلیا۔ دونوں گرفتار پولیس افسران کو کورونا کے باعث پولیس سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں تھانہ آغا میرجانی شاہ کے سابق ایس ایچ او انسپکٹر عمران الدین اور تھانہ تہکال کے سابق ایس ایچ او سب انسپکٹر شہریار احمد خان شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان ایف آئی آر میں نامزد نہیں تھے مگر پہلے سے گرفتار اہلکاروں کے بیانات اور دیگر شواہد کے منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے ان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مزکورہ دونوں پولیس افسران کرونا وائرس کا شکار ہیں جس کے باعث انہیں پولیس سروسز سپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایک طرف دونوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تو دوسری جانب ان سے اس کیس سے متعلق تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پشاور پولیس نے تہکال سے تعلق رکھنے والے زیر حراست ملزم عامرکو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی برہنہ ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی جس کے بعد صوبائی دارالحکومت میں پولیس کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہوئے۔

اس کیس میں متعدد اہلکار پہلے سے گرفتار جبکہ ایس ایس پی سمیت کئی معطل ہیں اور پشاور ہائی کورٹ نے بھی سوموٹو ایکشن لیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More