ذوالفقار مرزا اتنے مشہور کیوں ہیں؟

سماء نیوز  |  Jul 10, 2020

فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے لیاری کے گینگسٹر عزیر بلوچ، بلدیہ فیکٹری میں لگنے والی آگ اور فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کے سابق سربراہ نثار مورائی کے بارے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں (جے آئی ٹی) کی رپورٹ جاری کر دی ہیں۔ ان میں سے دو رپورٹس ایسی ہیں جن میں سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا نام مشترک ہے۔

نیوز ویب سائٹ سجاگ کی ایک رپورٹ کے مطابق نثار مورائی نے ذوالفقار مرزا کے بارے میں تحقیقاتی ٹیم کو بتایا کہ انہوں نے الطاف حسین کی ایم کیو ایم کا مقابلہ کرنے کے لیے آفاق احمد کی ایم کیو ایم حقیقی کی مالی امداد کی اور انہیں اسلحہ بھی فراہم کرتے رہے ہیں۔ نثار مورائی نے یہ بھی بتایا کہ وہ خود 2008 کے الیکشن میں ذوالفقار مرزا کی سیاسی مہم کا حصہ رہے ہیں اور انہوں نے ذوالفقار مرزا کو تحفے کے طور پر اسلحہ اور گاڑی بھی دی۔

عزیر بلوچ کے حوالے سے بنائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کے ذوالفقار مرزا لیاری میں گینگ وار کے اہم کرداروں کی کھل کر حمایت کرتے رہے ہیں۔ حتیٰ کہ جب عزیر بلوچ نے پاکستان پیپلز پارٹی سے دوری اختیار کر لی اس کے بعد بھی ذولفقار مرزا سیاسی اور انفرادی حیثیت میں اس کا ساتھ دیتے رہے۔

ذوالفقار مرزا ہیں کون؟

سندھ ہائی کورٹ کے ایک سابق جج ظفر حسین مرزا کے بیٹے ذوالفقار مرزا 1954 میں سندھ کے شہر حیدر آباد میں پیدا ہوئے۔ سن 1980 میں انہوں نے لیاقت میڈیکل کالج جامشورو سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد وہ پاک فوج میں میڈیکل کور میں کیپٹن بن گئے۔ بعد ازاں کاکول اکیڈمی میں ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد وہ پاکستان نیوی میں چلے گئے۔

سن 1985 میں جب جنرل ضیاالحق نے ریفرنڈم کرایا تو اس کی مخالفت پر ذوالفقار مرزا کو فوج سے نکال دیا گیا جس کے بعد وہ پی آئی اے سے منسلک ہو گئے جہاں انہوں نے 1989 تک کام کیا۔

سن1989 میں بے نظیر بھٹو کے پہلے دور حکومت میں ذوالفقار مرزا پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے اور انتخابی سیاست کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اسی دوران انہوں نے بدین میں ایک شوگر مل لگائی جس کے بعد وہ بدین میں ہی آباد ہو گئے۔ سن 1993 میں انہوں نے یہیں سے پہلی مرتبہ الیکشن لڑا جس میں کامیابی کے بعد وہ قومی اسمبلی کے رُکن بنے۔

اس دوران وہ پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بینظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری کے انتہائی قریب رہے۔ ذوالفقار مرزا پر قتل اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات لگے جس کے بعد وہ 12 سال کے لیے روپوش ہو گئے۔

سن2008 میں انہوں نے بدین سے ایک بار پھر انتخابات میں حصہ لیا اور صوبائی اسمبلی کی نشست جیت کر سندھ کے وزیر داخلہ بنے۔

ذولفقار مرزا کی اہلیہ فہمیدہ مرزا گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے منسلک رُکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر ہیں جبکہ اُن کے بیٹےحسین مرزا رُکن سندھ اسمبلی ہیں۔

ذوالفقار مرزا کے خلاف کیا الزامات ہیں؟

ذوالفقار مرزا پر متعدد جرائم پیشہ افراد اور متنازع سیاسی شخصیات سے روابط رکھنے کا الزام ہے۔ انہوں نے متعدد انٹرویوز میں  ایم کیو ایم کے خلاف لیاری کے لوگوں کو مسلح کرنے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے آصف علی زرداری کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کا بھی اقرار کیا ہے اور ان کی مبینہ طور پر ناجائز کارروائیوں میں ساتھ دینے کا دعوٰی بھی کیا ہے جس میں رشوت خوری اور بدعنوانی بھی شامل ہیں۔

نثار مورائی کے مطابق 2010 میں ذوالفقار مرزا نے کراچی کے سرجانی ٹاؤن میں پولیس افسروں کی مدد سے زمینوں پر قبضہ کر کے ان کی فروخت کا کام  شروع کیا۔ نثار مورائی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ذوالفقار مرزا انھیں اپنے ساتھ لے کر لیاری میں عزیر بلوچ سے ملاقات کرنے بھی گئے تھے۔

سن2008 سے سن 2011 تک ذوالفقار مرزا سندھ کے وزیر داخلہ رہے مگر 28 اگست 2011 کو انہوں نے حکومتی اتحادی  ایم کیو ایم کے خلاف ایک پریس کانفرنس کی جس میں وہ الطاف حسین کے ایک مبینہ ملک دشمن منصوبے کو بھی منظرعام پر لائے۔ اس پریس کانفرنس کے نتیجے میں انہیں وزارت سے ہاتھ دھونا پڑا۔

اگرچہ اگلے پانچ سال وہ پیپلز پارٹی کی عملی سیاست سے کنارہ کش ہو گئے مگر وقتا فوقتا وہ اسکی قیادت اور دوسرے رہنماوں پربدعنوانی، رشوت خوری، انتخابی دھاندلی اور کئی دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے کئی الزامات لگاتے رہے ہیں۔ اب وہ آصف علی زرداری کے شدید ترین ذاتی اور سیاسی دشمنوں میں تصور کیے جاتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More