فائیو جی: ہواوے کی کِٹ 2027 تک لازماً برطانیہ سے ہٹا دی جائے گی

بی بی سی اردو  |  Jul 15, 2020

برطانیہ میں موبائل کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنیاں 31 دسمبر کے بعد چینی کمپنی ہواوے کے فائیو جی آلات نہیں خرید سکیں گی اور انھیں 2027 تک اپنے نیٹ ورک سے فائیو جی کی تمام کِٹس بھی مکمل طور پر ہٹانا ہوں گی۔

اس فیصلے کا اعلان برطانوی وزیر برائے ڈیجیٹل اولیور ڈاؤڈن نے دارالعوام میں کیا۔

اس سے قبل امریکہ نے بھی ہواوے کی فائیو جی مصنوعات کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے کر پابندی لگائی تھی تاہم چینی کمپنی ہواوے اس الزام کی تردید کرتی ہے۔

اولیور ڈاؤڈن نے کہا کہ اس اقدامات سے ملک کے اندر فائیو جی کی تنصیب میں ایک سال کی تاخیر ہو جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ اس فیصلے اور اس سے قبل اس برس کے اوائل میں ہواوے پر عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سے ڈھائی ارب ڈالر لاگت آئے گی۔

انھوں نے کہا: ’یہ آسان نہیں تھا مگر برطانیہ میں ٹیلی کام نیٹ ورکس کے لیے درست فیصلہ تھا۔‘

چونکہ امریکی پابندیوں کا اثر مستقبل کے آلات پر پڑے گا اس لیے حکومت نہیں سمجھتی کہ ہواوے کے فراہم کردہ ٹو جی، تھری جی اور فور جی آلات کو ہٹانے کی ضرورت ہے۔

ہواوے نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ’یہ برطانیہ میں موبائل فون کے صارفین کے لیے بری خبر ہے اور اس سے برطانیہ ڈیجیٹل دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا جبکہ لاگت ڈیجیٹل تفریق میں اضافہ ہوگا۔‘

ان پابندیوں کا اطلاق ہواوے کی براڈبینڈ کِٹس پر بھی ہو گا۔

Parliament TV
اولیور ڈاؤڈن نے اس فیصلے کی بنیاد قومی سلامتی کے ادارے جی سی ایچ کیو کی ایک رپورٹ کو قرار دیا

چِپ کے بارے میں تشویش

برطانیہ نے آخری بار جنوری میں ٹیلی مواصلات کے ڈھانچے میں ہواوے کے کردار پر نظرثانی کی تھی اور اسے آلات فراہم کرنے کی اجازت تو برقرار رکھی تھی مگر مارکیٹ میں اس کے حصے کو محدود کر دیا تھا۔

مئی میں امریکہ نے ہواوے پر نئی پابندیاں لگا دی تھی اور کمپنی کے اپنی چِپ بنانے میں خلل پیدا کر دیا تھا۔

اس کے سبب سکیورٹی حکام اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ اگر کمپنی اپنے آلات کے لیے کسی تیسرے فریق سے چِپ بنواتی ہے تو اس کی مصنوعات کی سکیورٹی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

اولیور ڈاؤڈن نے اس فیصلے کی بنیاد قومی سلامتی کے ادارے جی سی ایچ کیو کی ایک رپورٹ کو قرار دیا۔

مگر اس فیصلے کے کچھ سیاسی پہلو بھی ہیں۔ مثلاً برطانیہ کی امریکہ کے ساتھ تجارتی ڈیل کرنے کی خواہش، اور کورونا وائرس سے نمٹنے اور ہانگ کانگ کے معاملے میں چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی۔

ہواوے کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں اس کے 1600 ملازمین ہیں اور وہ برطانیہ میں چینی سرمایہ کاری کا اہم ذریعہ ہے۔

ہواوے نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ 2019 کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں اس برس پہلی ششماہی میں اس کی فروخت میں 13 فیصد (تقریباً 65 ارب ڈالر) اضافہ ہوا ہے۔

اس میں برطانیہ کا حصہ بہت قلیل ہو گا۔ برطانیہ میں ہواوے کے سربراہ لارڈ براؤن نے حال ہی میں بتایا تھا کہ یہاں اس نے اب تک 20 ہزار سٹیشن نصب کیے ہیں جبکہ عالمی سطح پر انھیں پانچ لاکھ سٹیش نصب کرنے کی توقع ہے۔

کمپنی کو خدشہ ہے اور امریکا کو امید کہ دوسرے ممالک بھی برطانیہ کی تقلید کریں گے۔

اگرچہ برطانیہ کا اپنا فیصلہ بدلنے کا امکان کم ہے تاہم ہواوے کا کہنا ہے کہ وہ برطانوی فیصلہ سازوں کو اس پر نظرثانی کرنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کرے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More