اسکولز 15 ستمبر کو ہی کھلیں گے، شفقت محمود

ہم نیوز  |  Aug 04, 2020

اسلام آباد: وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ فی الحال سکولز نہیں کھول سکتے، اسکولز 15 ستمبر کو ہی کھلیں گے۔

انہوں نے یہ بات چار پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ سکولز وقت پر ہی کھلیں گے حکومت نے سوچ سمجھ کر ستمبر میں کھولنے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگست میں سکولز نہیں کھول سکتے,ایسی خبریں نہ پھیلائی جائیں۔ شفقت محمود نے کہا کہ این سی او سی کے اجلاس میں معاملے کو دوبارہ دیکھا جاسکتا ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ بچوں کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے، ایس او پیز کے ساتھ اسکولز 15 ستمبر کو ہی کھلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولز حکومت سے تعاون کریں، ازخود اسکولز کھولنا ریاستی نظام کو چیلنج کرنا ہے۔

واضح رہے کہ آج  پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی نے 15 اگست سے سندھ بھر میں نجی تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی نجی اسکولز کھولنے سے متعلق 31 نکاتی ایس او پیز بھی جاری کردیں۔

رہنما پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ پورا ملک کھول دیا گیا ہے، مگر تعلیمی ادارے نہیں کھولے گئے۔ نجی اسکول مزید بند نہیں رکھے جاسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے 15 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس میں 15 اگست سے اسکولز کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

صدر پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن ہدایت خان نے کہا تھا کہ 8 ماہ سے تعلیمی ادارے بند ہیں اور بچوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ حکومت سے مذاکرات کیے گئے لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم ایس او پیز بنا کر اسکولز کھولیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More