سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنے پر حفیظ آئسولیشن میں

اردو نیوز  |  Aug 13, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کو سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنے پر آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد حفیظ کورونا کے ٹیسٹ کا نتیجہ آنے تک آئسولیشن میں ہی رہیں گے جو جمعرات کو متوقع ہے۔

محمد حفیظ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے انگلینڈ میں موجود ہیں، اس دوران انہوں نے اپنے ہوٹل کے گولف کارس میں ایک عام شخص کے ساتھ تصویر بنوا کر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی۔

ٹیم منیجمنٹ کے مطابق تصویر سے واضح ہے کہ محمد حفیظ نے 2 میٹر کا سماجی فاصلہ رکھنے کے اصول کی پابندی نہیں کی، ’لہٰذا ٹیم ڈاکٹر سے مشاورت کے بعد، محمد حفیظ کو اس وقت تک آئسولیشن میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک کہ ان کا کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی نہیں آجاتا۔‘

تصویر منظر عام پر آنے کے بعد محد حفیظ کا کورونا ٹیسٹ آج بدھ کو کیا گیا ہے جس کا نتیجہ اگلے روز جمعرات کو متوقع ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاری بیان میں مزید کہا ہے کہ ’محمد حفیظ کو آئسولیشن میں بھیجنے کا فیصلہ ان کے اور ان کے اردگرد موجود تمام افراد کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ٹیم منیجمنٹ کا ماننا ہے کہ یہ غلطی غیردانستہ تھی تاہم یہ سب کو بائیو سیکیور ماحول، جوکہ ان کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے  کے لیے بنایاگیا ہے، کی گائیڈ لائنز کی پیروی کرنے کی ایک اچھی یاد دہانی ہے۔’

محمد حفیظ نے 90 برس سے زائد کی خاتون کے ساتھ لی گئی تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گولف کورس میں ایک متاثر کن خاتون سے ملاقات ہوئی جو خوش اور صحت مند زندگی گزار رہی ہیں۔ 

Wonderful

— Asif Khan (@mak_asif) August 12, 2020

ٹیم منیجمنٹ نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو محمد حفیظ کے متعلق فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ محمد حفیظ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے 20 کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More