مرلی دھرن کی زندگی پر بننے والی فلم 800پر بھارت میں ہنگامہ کھڑا ہو گیا

روزنامہ اوصاف  |  Oct 17, 2020

چنائی ،کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا کے مایہ ناز آف سپنر متایا مرلی دھر ن کی زندگی پر بننے والی بھارتی فلم 800پر بھارت میں سیاسی تنازعے نے جنم لےلیا۔مرلی دھرن کی زندگی پر بننے والی فلم ’800‘ میں بھارتی تامل فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار وجے سیتھوپتی نے مرکزی کردار ادا کرنے کا اعلان کیا تو بھارت میں سیاسی تنازع کا باعث بن گیا۔بھارتی ریاست تامل ناڈو کی مقامی سیاسی جماعت نے وجے سیتھوپتی سے فلم میں مرلی دھرن کا کردار ادا نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اس عمل کو تامل کاز سے غداری قرار دیا ہے۔ مقامی رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن ویکو کا کہنا ہے کہ مرلی دھرن نے جنگ کے دوران سری لنکا کے اس وقت کے صدر کی حمایت کی تھی اور لاپتہ افراد کے احتجاج کو ڈرامہ قرار دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی تامل اداکار کی جانب سے فلم میں مرلی دھرن کا کردار ادا کرنے کی حامی بھرنے سے دنیا بھر میں ’تامل‘ قوم کو مایوسی ہوئی ہے اور میری درخواست ہے کہ وہ فلم میں کام نہ کریں۔دوسری جانب مرلی دھرن نے بھی تنازع پر بھی لب کشائی کی ہے اور کہا ہے کہ میرے بیانات پرسب کو غلط فہمی ہوئی ہے، میں جنگ کی سختیوں کو سمجھتا ہوں اور میں نے ہمیشہ معصوموں کے قتل کی مذمت کی ہے اور ہمیشہ کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کیا سری لنکن تامل ہونا ان کا جرم ہے؟ میں سری لنکا میں پیدا ہوا تو سری لنکن ٹیم میں شمولیت کے لیے کوشش کی، بھارت میں پیدا ہوتا تو یقیناً بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کی کوشش کرتا، مجھے اس معاملے میں ہمیشہ غلط سمجھا گیا ہے
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More