ایران سے ملحقہ سرحدی علاقہ آرمینیا کے قبضے سے آزاد کرالیا: آذری سفیرعلی زادہ

سچ ٹی وی  |  Oct 22, 2020

پاکستان میں تعینات آذری سفیر علی علی زادہ کا کہنا ہے کہ ایران سے ملحقہ اگبند کے علاقے کو آرمینی فوج کے قبضے سے چھڑانےکے بعد وہاں آذربائیجان کا جھنڈا لہرا دیا گیا ہے۔

آذری سفیر کا کہنا ہے کہ اگبند پر کنٹرول کے بعد ایران اور آذربائیجان کے درمیان سرحد مکمل طور پر محفوظ ہوگئی ہے۔

علی علی زادہ نے مزید بتایا کہ آذری فوج نے آرمینیا کے قبضے سے اگبند کے سرحدی علاقے سمیت مزید 20 گاؤں بھی آزاد کرالیے ہیں۔

آذری صدر الہام علیوف نے بھی اپنے بیان میں اگبند کے سرحدی علاقے کو آرمینی فوج کے قبضے سے آزاد کرنے پر خوشی کا اظہارکیا ہے۔

خیال رہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان نگورنو کاراباخ کے معاملے پر کئی روز سے جنگ جاری ہے جس میں سیکڑوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آذربائیجان اور آرمینیا ایک بار پھر جنگ بندی کے نئے معاہدے پرمتفق

دونوں ممالک کے درمیان عارضی جنگ بندی کی دو بار کوشش کی گئی تاہم کچھ ہی دیر میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں سامنے آگئیں۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک نگورنو کارا باخ کے علاقے پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں تاہم نگورنو کاراباخ کا علاقہ باضابطہ اور عالمی طور پر تسلیم شدہ آذربائیجان کا حصہ ہے لیکن آرمینیا کے نسلی گروہ نے 1990 کی جنگ میں آرمینیا کی مدد سے یہاں قبضہ کرلیا تھا اور اب یہ آرمینیائی فوج کے کنٹرول میں ہے۔

آرمینی اور آذربائیجان کی فوجوں کے درمیان اکثر اس علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے، رواں سال جولائی میں بھی اسی طرح کے ایک تصادم میں دونوں جانب کے 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More