کامیڈین و ریپر علی گل پیر حادثے کا شکار،ان کی حالت اب کیسی ہے ،ہسپتال سے بڑی خبرآگئی

روزنامہ اوصاف  |  Oct 30, 2020

کراچی (ویب ڈیسک )کامیڈین و ریپر علی گل پیر حادثے کا شکار ہوکر اپنی ٹانگ کی ران کی ہڈی تڑوا بیٹھے۔گلوکار نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں حادثے کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال میں علاج کے دوران لی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنے ساتھ ہونے والے واقعے سے آگاہ کیا۔گلوکار کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ وہ حادثے کا شکار کیسے ہوئے؟ تاہم انہوں نے اپنے ایکسرے کی تصویر بھی شیئر کی، جس سے واضح ہوتاہے کہ ان کی ران کی ہڈی ٹوٹ گئی۔اداکار و ریپر نے اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ دوسرے لوگوں کی مدد سے چلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔علی گل پیر نے بتایا کہ چند دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد وہ 30 اکتوبر کو گھر جائیں گے، تاہم وہ 2 ماہ تک بستر پر ہی رہیں گے۔ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے مشورہ مانگا کہ وہ خود کو 2 ماہ تک مصروف رکھنے کے لیے کیا کریں؟اداکار نے اپنی اسٹوریز میں یہ بھی واضح نہیں کیا کہ وہ حادثے کا شکار کب بنے اور کیا ان کا روڈ حادثہ ہوا یا وہ سیڑھیوں یا عمارت سے گر کر زخمی ہوئے؟تاہم خیال کیا جا رہاہے کہ علی گل پیر 25 اکتوبر کے بعد حادثے کا شکار ہوئے ہوں گے، کیوں کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر آخری پیروڈی ویڈیو 25 اکتوبر کو ہی شیئر کی تھی۔مذکورہ ویڈیو کے بعد اداکار نے سوشل میڈیا پر کوئی بھی پوسٹ شیئر نہیں کی، البتہ انہوں نے حادثے کی اطلاع انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے دی۔علی گل پیر سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں اور وہ ہر ایک یا دو ہفتوں بعد کسی نے کسی شخصیت کی نقل اتارنے کی ویڈیو شیئر کرتے رہتے ہیں۔انہیں ان کی پیروڈی ویڈیوز سمیت ان کے سماجی کامیڈی طنزیہ گانوں کی وجہ سے بھی شہرت حاصل ہے۔علی گل پیر کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے ایک جاگیردار گھرانے سے ہے، تاہم وہ اسلام آباد میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد کراچی سے بھی تعلیم حاصل کی اور یہیں سے اپنے کیریئر کے بطور گلوکار شروعات کی۔علی گل پیر جب کم عمر تھے تو ان کے والدین کی طلاق ہوگئی تھی اور انہوں نے بچپن اپنی والدہ کے ساتھ گزارا۔
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More