وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نمل جیسے تعلیمی ادارے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور نوجوانوں کی استعداد کار کو بڑھانے میں اہم کر دار ادا کر رہے ہیں۔نمل یونیورسٹی کے ریکٹر میجر جنرل ر محمدجعفر نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور مختلف ممالک کے مابین طلباء کے تبادلے اور معیار تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیاریکٹر نمل نے وزیر خارجہ کو نمل یونیورسٹی میں جاری علمی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نمل یونیورسٹی دوست ممالک کی جامعات کے ساتھ ریسرچ اور اسٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام ترتیب دینا چاہتی ہے تا کہ پاکستان میں جدید تعلیم کی راہیں پیدا کی جا سکیں۔نمل یونیورسٹی کے ریکٹر میجر جنرل ریٹائرڈ محمدجعفر نے مزید کہا کہ یہ ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جو مقامی اور بین الاقوامی 29 زبانوں کی تعلیم دینے کے علاوہ سوشل سائنسز،انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنسز اور مینجمنٹ سائنسز کی تعلیم دے رہی ہے۔اس مو قع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جامعہ نمل میں معیار تعلیم کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ بالخصوص ریکٹر نمل یونیورسٹی کی خدمات کو سراہا اورجامعہ کے بین الاقوامی سطح کے اقدام کو آگے بڑھانے کے حوالے سے وزارت خارجہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نمل جیسے تعلیمی ادارے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور قومی مفادات کو لاحق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے جبکہ نوجوانوں کی استعداد کار کو بڑھانے میں اہم کر دار ادا کر رہے ہیں۔ -->