سابق صدر کا سابق وزیراعظم کو وطن واپس آنے کا مشورہ

بول نیوز  |  Dec 04, 2020

آصف علی زرداری نے نواز شریف کو وطن واپس آنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی  زرداری اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف میں ایک ہفتے میں تین بار ٹیلیفونک رابطے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔

آصف زرداری نے نوازشریف سے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی کامیابی کا دارومدار آپ کی وطن واپسی پر ہے، ملک میں رہ کر حکومت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

سابق صدر نے کہا کہ تحریک کی کامیابی کے لئے وطن واپسی ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف نے انھیں جواب دیا کہ وطن واپسی کے لئے پارٹی رہنماؤں اور خاندانی افراد سے مشورہ کرونگا۔

سابق وزیراعظم نے دوران گفتگو اپنی صاحبزادی کی سیاست سے متعلق کہا کہ مریم کے انداز سیاست سے مطمئن ہوں۔

واضح رہےکہ پی ڈی ایم لاہور کا جلسہ مسلم لیگی رہنما مریم نواز کے لیے چیلنج بن گیا ہے، مسلم لیگ ن کی سیاسی امور کی ذمہ داری اب  مریم نواز کے کندھوں پر ہے۔

 مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے جیل منتقل ہونے کے بعد جاتی عمرہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے خواتین پارلیمنٹیرینز کو آج جاتی عمرہ طلب کرلیا۔

لیگی پارلیمنٹرینز کو لاہور جلسے کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع ن لیگ کے مطابق لاہور جلسے میں خواتین کے لئے الگ پنڈال بنایا جائے گا، خواتین پنڈال کو بھرنے کے لیے مریم نواز خصوصی ہدایات دیں گی۔

لاہور جلسے سے قبل مریم نواز کے لاہور کے مختلف صوبائی حلقوں میں ریلیوں کے حوالے سے بھی اہم مشاورت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ریلیوں میں خواتین پارلیمنٹیرینز کو خصوصی ٹاسک بھی سونپے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے 13 دسمبر کو لاہور کے میناز پاکستان میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

 

-->
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More