مچھ واقعہ، ملوث افرادکو جلد کٹہرے میں لائینگے، آرمی چیف

سماء نیوز  |  Jan 14, 2021

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کيا اور مچھ واقعے میں شہید کان کنوں کے لواحقین سے ملاقات کی، ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، بلوچستان کی ترقی و خوشحالی ملک کی ترقی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کو کوئٹہ کا ایک روزہ دورہ کیا، سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں انہیں سیکیورٹی صورتحال اور چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف کو پاک افغان اور ایران سرحد پر سیکیورٹی انتظامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہزارہ برادری کے ساتھ ملاقات کی اور مچھ واقعے میں شہید کان کنوں کے لواحقین کے ساتھ وقت گزارا۔

انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور لواحقین کو یقین دلایا کہ اندوہناک واقعہ میں ملوث افراد کو جلد کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، بلوچستان میں ترقی سے ہی ملک میں ترقی ہوگی، ملک دشمن قوتوں کو انتشار پھیلانے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

بلوچستان کے علاقے مچھ میں 3 جنوری کو داعش کے دہشت گردوں نے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 10 کان کنوں کو قتل کردیا تھا، جس کے بعد لواحقین نے 6 روز تک کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر دھرنا دیا تھا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان بھی ہفتہ کو کوئٹہ کا دورہ کرچکے ہیں، اس دوران انہوں نے متاثرین سے ملاقات بھی کی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More