کلر سیداں:دیوار بنانے سے روکنے پر 3 بہنوں سمیت 4افراد قتل

سماء نیوز  |  Jan 16, 2021

راولپنڈی کی تحصيل کلرسيداں ميں 4 بھائيوں نے مبینہ طور پر ایک دیوار کھڑی کرکے راستہ بند کرنے سے روکنے پر اپنی 3 چچا زاد بہنوں سمیت 4 افراد کو گولیاں مار کر قتل جبکہ 7 افراد کو زخمی کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق گاؤں سموٹ میں چاروں ملزمان اپنے چچا کے گھر کے پاس ایک دیوار بنانا چاہ رہے تھے جس پر راستہ بند ہونے کے خدشے پر انہیں منع کیا گیا جس پر انہوں نے فائر کھل دیئے اور نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

واقعے میں صفورہ، رقيہ، عنصر اقبال اور محمد زرين لقمۂ اجل بنے جبکہ زخميوں ميں 7 خواتين سميت 7 افراد شامل ہیں جنہیں ڈی ايچ کيو اسپتال منتقل کر ديا گيا۔

مقتولہ صفورہ کے بیٹے افضال کا کہنا ہے کہ راستہ بند کرتے وقت ہم لوگوں نے منع کیا تو تایا زاد بھائیوں سلامت، اسد، ناصر اور آصف نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی جس پر ان کا پورا گھر اجڑ گیا۔

ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تاہم ایس ایس پی آپریشنز رانا شعیب کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کیلئے پولیس کی ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور جلد ہی انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More