پی ایچ ڈی کیلئےایم ایس اورایم فل کی شرط ختم،چئیرمین ایچ ای سی

سماء نیوز  |  Jan 20, 2021

چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نےواضح کیاہےکہ 16سال کی تعلیم کےبعد پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا جا سکتا ہے،پی ایچ ڈی میں ایم ایس اور ایم فل کی شرط ختم کردی ہے اوربی ایس کے بعد براہ راست پی ایچ ڈی میں داخلہ لے سکتے ہیں۔

بدھ کواسلام آباد میں چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نے پریس کانفرنس کرتےہوئےانڈرگریجویٹ اورایم فل کی پالیسی کے بارے آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ڈگری کی قدر پرشکوک وشبہات ہیں، تعلیم کا مقصد یہ ہونا چاہئے کہ جو کام کریں وہ کامیاب ہو۔

پی ایچ ڈی سے متعلق چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری کا کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی میں بہت زیادہ شکایتیں آرہی تھیں تاہم اب ڈاکٹریٹ کی تعلیم کے لیےجامعات کو سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نے واضح کیا کہ 16سال کی تعلیم کے بعد پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا جا سکتا ہے،پی ایچ ڈی میں ایم ایس اور ایم فل کی شرط ختم کردی ہے اوربی ایس کے بعد براہ راست پی ایچ ڈی میں داخلہ لے سکتے ہیں۔

چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی سےنکلنے کےبعدطلبہ کونوکری کی تلاش میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔ لوگوں کو پہلی تشویش یہ ہوتی تھی کہ ڈگری کی تعلیم میں پریکٹیکل کچھ نہیں ہوتا تھا تاہم اب ڈگری میں پریکٹیکل نصاب کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نے زور دیا کہ ملک کی جامعات پر لازم کیا گیا ہے کہ وہ طلبہ کو انٹرن شپس کروائیں اور غیرنصابی سرگرمیوں کو فروغ دیں۔ اس کے علاوہ طلبہ کوانٹرپنرورشپ کی تعلیم بھی دی جانا چاہئے جس میں پریکٹیکل ورک کی شرط لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی نے بتایا کہ سوشل سائنسزکےکورسزہرڈگری میں شامل کئے جائیں گے۔ پہلے کی  بی اے اوربی ایس سی کی ڈگری کا نام ایسوسی ایٹ ڈگری ہے جبکہ ایسوسی ایٹ ڈگری بی اے اور بی ایس سی کا متبادل راستہ ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More